سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وفاقی ، صوبائی حکومت اور پاک فوج مل کر کام کر رہی ہے، لوگ دریاؤں اور نالوں پر گھر بنانے سے گریز کریں، نالوں اور دریاؤں کے اطراف تجاوزات ہٹائیں گے ،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی میڈیا سے گفتگو

پیر 27 جولائی 2015 17:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت اور پاک فوج مل کر کام کر رہی ہے، لوگ دریاؤں اور نالوں پر گھر بنانے سے گریز کریں، نالوں اور دریاؤں کے اطراف تجاوزات ہٹائیں گے، قانون بنا رہے ہیں کہ جس کا گھر بھی نالے کے پاس ہوا اسے سخت سزا دی جائے گی،صوبے میں نکاسی آب کا نظام بھی بہتر بنا رہے ہیں۔

وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ دریاؤں اور نالوں پر تجاوزات ہٹانے کیلئے نوٹس دے چکے ہیں، تین دن میں نالوں پر تجاوزات بنانے کو ہر حال میں ختم کر دیں گے،صوبے بھر میں امدادی کام جاری ہیں، ریلیف کیلئے پاک فوج کی مدد حاصل کی گئی ہے، تین دن چترال میں رہا، تعمیرات کا کام ایف ڈبلیو او کے حوالے کر دیا ہے،وزیراعظم نواز شریف نے وعدہ کیا ہے کہ چترال میں آدھا خرچہ وفاقی حکومت کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں امدادی کام جاری ہیں، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کا سامان بھی پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ لوگوں تک پہنچایا جا رہا ہے، پہلے دن سے ہی ریلیف کا کام شروع کر دیا گیا تھا، تمام محکمے متحرک ہیں، ایسا سیلاب اگر امریکہ میں بھی آتا تو مسئلہ اتنی جلدی حل نہ ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ خالی کرنے کیلئے پہلے سے وارننگ دی گئی تھی، لوگ دریاؤں اور نالوں پر گھر بنانے سے گریز کریں، نالوں اور دریاؤں کے اطراف تجاوزات ہٹائیں گے، قانون بنا رہے ہیں کہ جس کا گھر بھی نالے کے پاس ہوا اسے سخت سزا دی جائے گی،صوبے میں نکاسی آب کا نظام بھی بہتر بنا رہے ہیں۔