پھانسی کی سزائیں ایک بار پھر بحال، ملتان کی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے دو قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

پیر 27 جولائی 2015 11:03

پھانسی کی سزائیں ایک بار پھر بحال، ملتان کی سینٹرل جیل میں سزائے موت ..

ملتان/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جولائی2015ء)ملتان کی سینٹرل جیل میں آج قتل کے دو مجرموں کی سزائے موت پر عمل درآمد کروادیا گیا۔ ملتان کی سینٹرل جیل میں قید مجرم نواز اور فاروق بابر کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ مجرم نواز نے 1999ء میں ایک شخص کو قتل کیا تھا اورفاروق بابر نے 1998ء میں دو افراد کی جان لے لی تھی۔ دونوں مجرموں کی رحم کی تمام اپیلیں مسترد کی جاچکی تھی اور ان کے ورثہ سے ان کی ملاقات کروادی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی مختلف جیلوں میں قید سزائے موت کے مجرموں کی سزاؤں پر عمل درآمد رواں ہفتے ایک بار پھر شروع کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے ماہ رمضان المبارک کے احترام میں پھانسی کی سزاؤں پرعمل درآمد 13 جون سے عید الفطر تک کے لیے روک دیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں رواں ہفتے میں 6 ملزمان کو پھانسی دی جائے گئی۔ ان ملزمان کی اعلیٰ عدالتوں میں اپیل کی تمام درخواستیں مسترد کی جاچکی ہیں اور صدر پاکستان نے بھی ان کی رحم کی اپیل مسترد کردی ہے، جس کے بعد ان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔ پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات فاروق اسلم کا کہنا ہے کہ رمضان میں ملتوی کی جانے والی پھانسی کی سزاؤں پر ایک بار پھر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔