رحیم یار خان: خدا کا شکر ہے کہ سیلاب سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ علاقوں میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔ چاچڑاں شریف میں وزیر اعظم نواز شریف کا سیلاب متاثرین سے خطاب، امدادی ٹیموں کو کام تیز کرنے کی ہدایت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 جولائی 2015 13:25

رحیم یار خان: خدا کا شکر ہے کہ سیلاب سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ ..

رحیم یارخان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 جولائی 2015 ء) : وزیر اعظم نواز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے رحیم یار خان پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا، چاچڑاں شریف میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ چترال میں سیلاب بارشوں کے باعث نہیں بلکہ گلیشئیر پگھلنے کے باعث آیا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں پہلے سے کشتیاں پہنچ جانی چاہئیں، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ سیلاب کے باعث زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، اللہ کرے ایسا سیلاب آئندہ کبھی نہ آئے، انہوں نے کہا کہ پانی جب چڑھتا ہے تو بہت سے لوگوں کو اس بات کا احساس نہیں ہوتا، تاہم متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری رکھا جائے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری پنجاب متاثرین کی مدد کے لیے مزید کشتیوں کا اہتمام کریں، انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر انتظامات کیے گئے .

وزیر اعظم نے امدادی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لیے امدادی ٹیمیں اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا تو بڑا سیلاب آ سکتا ہے، ریسکیو حکام کے پاس بھی کشتیوں کا انتظام ہونا چاہئیے، انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کنٹرول میں ہے، لیکن کچھ اضلاع میں جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ امدادی ٹیموں کو کام مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، ریسکیو حکام کو چاہئیے کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے طور پر تیاری کو مکمل رکھیں.

وزیر اعظم نے محکمہ ایری گیشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایری گیشن ٹیم نے بھی سیلابی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اچھے انتظامات کیے.

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہاں سیلاب متاثرین کی خدمت کے لیے آیا ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف صاحب بھی جلد ہی دورہ کریں گے. وزیر اعظم نے سیوریج منصوبے کے لیے 4 کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج منصوبہ جلد ہی شروع کیا جائے گا. بے گھر افراد کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر حکومت کی جانب سے امداد بھی فراہم کی جائے گی. وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشتیوں کا بتایا گیا اعداد و شمار بہت کم ہے انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو ہدایت کی ہے اپنا کام مزید تیزی سے جاری رکھیں اور متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے.