2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے انتخابات کو مجموعی طور پر منصفانہ اور قانون کے مطابق قرار دے دیا ہے: وزیر اعظم نواز شریف

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 جولائی 2015 19:21

2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 23 جولائی 2015 ء) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے انتخابات کو مجموعی طور پر منصفانہ اور قانون کے مطابق قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے حتمی فیصلہ دے دیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد ملک ایک نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن نے 2013 انتخابات کو مجموعی طور پر منصفانہ اور قانون کے مطابق قرار دے دیا ہے۔تحقیقاتی کمیشن کو 3 بنیادی سوالات پر تحقیقات کا ٹاسک ملا تھا۔مکمل چھان بین کے بعد تحقیقاتی کمیشن نے جوابات دیے ہیں۔

(جاری ہے)

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے دیے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2013 کے انتخابات کے نتائج قوم کے مینڈیٹ کا عکاس تھے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسی مثالیں کم ملتی ہیں جب حکومت نے خود کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہو۔ حکومت نے تحریری ضمانت دی تھی کہ اگر دھاندلی ثابت ہوئی تو حکومت کو تحلیل کردیا جائے گا تاہم اللہ کے فضل و کرم سے حکومت اس امتحان میں سرخرو ہوئی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

امید ہے الزامات اور بہتان تراشی کی روایت کا اب خاتمہ ہوجانا چاہیئے۔ انتخابات کو ہر اعتبار سے منصفانہ، آزادانہ اور خرابیوں سے پاک کرنا مسلم لیگ ن کا منشور ہے۔امید ہے ملک اور قوم کا وقت ضائع کرنے والے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔ انہیں دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اب ایک نئے اور پرعزم دور کا آغاز کریں۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جس کے باعث ملک میں دہشتگردی میں واضح کمی آئی ہے جبکہ پاکستان کی ساکھ عالمی سطح پر بہتر ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ تین سال میں پاکستان زیادہ خوشحال اور مضبوط پاکستان بن کر ابھرے گا۔

متعلقہ عنوان :