Live Updates

2013ء کے عام انتخابات میں منظم دھاندلی نہیں بدانتظامی ہوئی‘ اس سلسلے میں اقدامات دئیے جا سکتے ہیں ‘ جوڈیشل انکوائری کمیشن نے تحریک انصاف کے الزامات مسترد کر دئیے ‘ نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ میں دعویٰ

بدھ 22 جولائی 2015 23:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی۔2015ء) نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل انکوائری کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے لگائے گئے منظم دھاندلی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ کے مطابق 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل انکوائری کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منظم دھاندلی کے الزامات مسترد کر دئیے اور اس حوالے سے 400 صفحات پر مشتمل تفصیلی تحقیقاتی اور سربمہر رپورٹ وزارت قانون و انصاف کے حوالے کر دی ہے۔

کمیشن نے وکلاء کے دلائل ‘ گواہوں کے بیانات اور تحریری بیانات کے بعد کافی غور و خوض اور تمام پہلوؤں کاجائزہ لینے کے بعد یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس بات کا پتہ وزارت قانون و انصاف کے ذرائع سے چلا کہ رپورٹ میں منظم دھاندلی کے الزامات مسترد کئے گئے ہیں اور یہ کہا گیا ہے کہ انتخابات میں منظم دھاندلی نہیں بدانتظامی ہوئی اس لئے آئندہ بدانتظامی روکنے کیلئے اقدامات کے احکامات دئیے جا سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 126 دن تک مبینہ انتخابی دھاندلیوں کیخلاف دھرنا دے کر اس سلسلے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا جس پر حکومت کے ساتھ مذاکرات اور معاہدہ طے پانے کے بعد صدر مملکت کی جانب سے ایک آرڈیننس کے ذریعے جوڈیشل انکوائری کمیشن کی تشکیل کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جبکہ وزیر اعظم کی زیر صدارت (آج) جمعرات کو اہم اجلاس ہو گا جس میں رپورٹ کا جائزہ لے کر اسے منظر عام پر لانے بارے فیصلہ کیا جائیگا۔

جوڈیشل کمیشن نے رپورٹ کے ساتھ بیانات ‘ دلائل ‘تحریری جوابات اور شواہد کا پلندہ بھی ساتھ بھیجا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 3 الزامات لگائے گئے تھے جن میں ایک یہ کہ 2013ء کے عام انتخابات میں منظم دھاندلی کی گئی۔ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرایا گیا اور انتخابات شفاف نہیں ہوئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :