بھارت نے سید علی گیلانی کو سعودی عرب جانے کیلئے ویزہ دیدیا ، علی گیلانی نے اپنی درخواست میں خود کو بھارتی شہری ظاہر کیا ہے، بھارتی میڈیا کادعویٰ

بدھ 22 جولائی 2015 00:00

بھارت نے سید علی گیلانی کو سعودی عرب جانے کیلئے ویزہ دیدیا ، علی گیلانی ..

سری نگر/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جولائی۔2015ء) بھارت نے کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے سربراہ سید علی گیلانی کو سعودی عرب جانے کیلئے ویزہ دیدیا ، علی گیلانی نے دو ماہ قبل ویزے کیلئے درخواست دی تھی ۔ منگل کو بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آخر کار بھارت حکومت نے حریت رہنماء سید علی گیلانی کو سعودی عرب جانے کیلئے ویزہ دیدیا ہے ۔

اس حوالے سے پاسپورٹ آفس کے حکام کا کہنا تھا کہ علی گیلانی نے ضابطے کی تمام کارروائیاں پوری کیں اور انہوں نے متعلقہ طریقہ کار اختیار کیا ۔ اس لئے انہیں کم عرصے تک کا پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے ۔ پاسپورٹ ان کی رہائش گاہ پر بذریعہ ڈاک بھیج دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ سید علی گیلانی نے مئی میں ویزے کیلئے دخواست دی تھی تاکہ وہ سعودی عرب جا کر اپنی بیمار بیٹی کی عیادت کرسکیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ علی گیلانی نے اپنی درخواست میں خود کو بھارتی شہری ظاہر کیا ہے جس کے باعث مینڈیٹ کے تحت انہیں بیرون ملک جانے کیلئے پاسپورٹ دیا گیا ، انہیں صرف 9 ماہ کیلئے پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے ۔علی گیلانی ضابطے کی تمام کارروائی مکمل کرنے کے بعد پانچ جون کو سری نگر میں پاسپورٹ دفتر گئے تھے۔اس موقع پرمیڈیاسے گفتگومیں انہوں نے وضاحت کی تھی کہ وہ ہندوستانی شہری نہیں اور انڈین پاسپورٹ پرسفرکرنا ان کی مجبوری ہے۔خیال رہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حریت رہنما کو پاسپورٹ کے اجرا میں رکاوٹیں ڈالیں۔بی جے پی قیادت کا موقف تھا کہ گیلانی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک چلانے پر معافی مانگیں۔