ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری، راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند، نشیبی علاقے زیر آب

ہفتہ 11 جولائی 2015 11:10

ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری، راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند، نشیبی ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی2015ء)ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ، راولپنڈی میں ہونے والی بارش سے نالہ لئی کی سطح بلند ہوگئی ، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ، گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں محکمہ موسمیات نے مون سون کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں ۔

جڑواں شہروں میں صبح سے ہی گہرے بادل آسمان پر چھائے رہے ۔ کئی گھنٹے کی مسلسل بارش سے نالہ لئی میں کٹاریاں ، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوگئی جبکہ کمیٹی چوک انڈر پاس میں پانی بھر گیا جس سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں ۔ ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں بھی پانی داخل ہوگیا جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈھوک حسو ، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال کے علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں میں داخل ہونے والا پانی نکالتے رہے ۔

انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ادھر شہر اقتدار میں چھما چھم برسنے والی بوندوں نے موسم خوشگوار کر رکھا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک 77 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے ۔ باغوں کے شہر لاہور میں بھی آسمان پر گہرے سرمئی بادلوں نے ڈیرا ڈال رکھا ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بھی برکھا رت برسے گی ۔ جھل مگسی ، بولان سمیت بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے پارہ گر گیا ، موسم کا حال بتانے والوں نے آج اور کل اسلام آباد ، پنجاب ، کشمیر، خیبر پختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ سبی، ژوب، قلاب، نصیرآباد ڈویژن، بالائی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔