چیئرمین نیب نے نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن افسران کو جدید خطوط پر پیشہ وارانہ ٹریننگ کی منظوری دیدی

نیب کے تمام شعبوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ٹریننگ اہم جزو ہے،قمر زمان چوہدری فرائض کی موثر ادائیگی میں ٹریننگ اہم کردار ادا کرتی ہے، نیب کو بدعنوانی کے خاتمے کی اہم ذمہ داری دی گئی ہے ،چیئرمین نیب

جمعہ 10 جولائی 2015 20:58

اسلام آباد اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جولائی۔2015ء قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب میں نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن افسران کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں جدید خطوط پر پیشہ وارانہ ٹریننگ دینے کی منظوری دیدی ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب میں نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے جدید انداز میں تربیت کے منصوبے کے حوالے سے جائزہ اجلاس نیب ہیڈکوارٹر میں ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نے انوسٹی گیشن بیسک انڈکشن کورس 2015ء کے حوالے مجوزہ تربیتی منصوبے پر پریزینٹیشن دی۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ نے اجلاس میں بتایا کہ نیب میں بی ایس 16 سے بی ایس 18 کے افسران کی بھرتی مکمل ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

نیب میں نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن افسران کی تربیت کیلئے انوسٹی گیٹر بیسک انڈکشن کو رس پولیس کالج سہالہ میں منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر تربیت کے پرانے کورس کو تمام شعبوں اور ریجنل ہیڈ کوارٹرز کی مشاورت سے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جوکہ تربیت کے سات مراحل پر مشتمل ہے جس میں قانون پر عملدرآمد، گورنمنٹ ورکنگ قانون، انوسٹی گیشن، وائٹ کالر کرائم اور طرز حکومت کی روک تھام اور تعلیمی دورے شامل ہیں۔ انوسٹی گیشن افسران کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے معیاری سلیبس وضع کیا گیا ہے تاکہ معیار اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکے جس سے معیاری کارکردگی کے حصول اور قوانین پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہاکہ نیب کے تمام شعبوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ٹریننگ اہم جزو ہے کیونکہ فرائض کی موثر ادائیگی میں ٹریننگ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹریننگ ایسا آلہ ہے جس کے ذریعے انسانی صلاحیتوں کو عملی اور مثبت کوششوں سے فروغ دیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کو بدعنوانی کے خاتمے کی اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔

اس اہم ذمہ داری کو موثر طریقے سے سرانجام دینے کیلئے انسانی وسائل کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں تسلسل ناگزیر ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب متحرک اور فعال ادارہ ہے جوکہ اپنی افرادی قوت کے معیار کو برقرار رکھنے اور اس میں بہتری لانے کیلئے ٹریننگ کو اہم سمجھتا ہے۔ انہوں نے نیب میں نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن آفیسر کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے انوسٹی گیٹر بیسک انڈکشن کورس 2015 VII پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں منعقد کرنے کی منظوری دے دی۔

متعلقہ عنوان :