تحریک طالبان پاکستان کا سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد افغانستان میں ڈرون حملے میں ہلاک

جمعرات 9 جولائی 2015 16:33

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء) افغان حکومت نے دعوی کیا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد اوران کا ساتھی گل زمان ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا ہے ،ملکی و غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں دہشت گردوں کی موجودگی پر ایک خفیہ اور دشوار علاقے میں امریکی ڈرون میزائل داغا گیا جس کے نتیجے میں55 دہشت گرد ہلاک ہوئے ،اس حملے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے سابق ترجمان اور اہم کمانڈر رہنما شاہد اللہ شاہداور اس کا قریبی ساتھی گل زمان بھی مارا گیا ہے،افغان انٹیلی جنس کے مطابق شاہد اللہ شاہد سے پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی ،پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان کا سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب کے بعد افغانستان فرار ہو گیا تھا اور تحریک طالبان کے ساتھ ساتھ داعش میں بھی شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیاتھا،رپورٹ کے مطابق شاہد اللہ شاہد کو تحریک طالبان کی پالیسیوں کے خلاف ویڈیوز اور ریکارڈنگ کرانے پر ترجمان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا ۔

دوسری جانب افغان طالبان امور کے ماہر رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ شاہد اللہ شاہد کی ہلاکت کے بعد جاری مذاکرات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ طویل جدوجہد کے بعد افغان حکومت اور طالبان کو ایک میز پر اکٹھا کیا گیا ہے اور افغانستان میں امن و خوشحالی کیلئے دونوں اطراف سے مثبت پیغام بھی ملا ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان میں جاری مذاکرات میں دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر حملے نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا تاہم طالبان رہنما شاہد اللہ شاہد کی ہلاکت کے بعد مذاکرات کو دھچکا لگ سکتا ہے۔

دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اطہر عباس نے کہا ہے کہ تحریک طالبان کے سابق ترجمان شاہداللہ شاہد کی ہلاکت ایک بڑی کامیابی ہے ،اس ہلاکت پر افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں کوئی اثر نہیں پڑے گا،انہوں نے کہا کہ شاہد اللہ شاہد نے افغان فرار ہونے کے بعد داعش میں شمولیت اختیار کر لی تھی،افغان حکومت اور طالبان داعش کے خلاف ہیں،افغانستان کے کئی علاقوں میں طالبان اور داعش کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس سے افغان طالبان کوکافی جانی نقصان ہوا،انہوں نے کہا کہ بھارت داعش کی مالی معاونت کررہا ہے اور خطے میں داعش کو مختلف ممالک میں پھیلانے میں مدد کررہا ہے تاہم خطے کے تمام ممالک سمیت پاکستان اور افغان طالبان بھی داعش کے خلاف ہیں،افغانستان میں داعش کے اہم رہنما شاہداللہ شاہد کی ہلاکت ایک بڑی کامیابی ہے