آمد رمضان کے پیش نظر روکی گئی پھانسیوں پر عیدالفطر کے بعد عملدر آمد کیا جائے گا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 جولائی 2015 13:40

آمد رمضان کے پیش نظر روکی گئی پھانسیوں پر عیدالفطر کے بعد عملدر آمد ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 09 جولائی 2015 ء): صوبہ پنجاب کی مختلف جیلوں پر سزائے موت کے قیدیوں کی پھانسی کی سزا پر عملدر آمد کو آمد رمضان کے پیش نظر روک دیا گیا تھا۔ سر کاری ذرائع کے مطابق ان تمام قیدیوں کی سزائے موت پر عملدر آمد رمضان کے بعد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ دسمبر 2014ء میں دہشت گردو کو تختہ دار پر لٹکانے کا آغاز کیا گیا تھا جس کے بعد تاحا ل پنجاب کی کی مختلف جیلوں میں قید ایک سو بیس مجرموں اور پندرہ دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب کی عدالتوں سے دہشت گردی کے 198 مقدمات میں سزا سنائی گئی جن میں سے 48 کو پھانسی اور عمر قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
چوبیس دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا دینے کے لیے قانونی عمل مکمل کرنے کے بعد ان میں سے پندرہ کو پھانسی پر لٹکایا گیا جبکہ نو مجرموں نے اپنی سزا پر نظر ثانی کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جن کا فیصلہ ابھی زیر التوا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یورپی یونین کی جانب سے پاکستان سے متعدد بار دوبارہ پابندی عائد کرنے اور عالمی ذمہ داریوں کا احترام کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ رواں برس جون میں یورپی یونین کی جانب سے جاری کی کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کے لیے دیگر شرائط کے ساتھ یہ شرط بھی شامل ہے کہ سزائے موت پر پابندی عائد کر کے عالمی قوانین کے موثر اطلاق کو یقینی بنایا جائے۔
پاکستان میں انسانی حقوق کے لیے سر گرم تنظیموں اور کارکنا ن بھی سزائے موت بالخصوص نیشنل ایکشن پلان کے تحت دی جانے والی پھانسی کی سزاؤں کے مخالف ہیں اور انہوں نے بھی یورپی یونین ہی کی طرح سزائے موت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔