نیب کی طرف سے سپریم کور ٹ میں کرپشن الزامات کی پیش کردہ فہرست میں شامل تمام کیسز پرویز مشرف کے دور میں بنائے گئے تھے، ان مقدمات کا بلاشبہ مقصد سیاسی طور پر فائدہ اٹھانا اور مخالفین کی ساکھ مجروح کرنا تھا ،مشرف دور میں مخالفین کے خلاف نیب کی طرف سے بنائے گئے مقدمات میں سے کوئی بھی ثابت نہیں ہوسکا تھا، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا بیا ن

منگل 7 جولائی 2015 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) کی طرف سے سپریم کور ٹ میں کرپشن الزامات کی پیش کردہ فہرست میں شامل تمام کیسسز پرویز مشرف کے دور میں بنائے گئے تھے۔ منگل کو جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ مشرف دور میں بنائے گئے ان مقدمات کا بلاشبہ مقصد ہی سیاسی طور پر فائدہ اٹھانا اور مخالفین کی ساکھ مجروح کرنا تھا ۔

(جاری ہے)

اسی لیے مشرف دور میں مخالفین کے خلاف نیب کی طرف سے بنائے گئے مقدمات میں سے کوئی بھی ثابت نہیں ہوسکا تھا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف جو مقدمات بنائے گئے تھے وہ 1999ء میں منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے والے ایک ڈکٹیٹر نے وفاداریاں خریدنے کے لیے بنائے تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اس وقت بدنیتی کی بنیاد پر بنائے گئے ان مقدمات میں سے کوئی ایک بھی خصوصاً مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کے خلاف ثابت نہیں ہوسکا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان مقدمات کے قائم کئے جانے کے بعد دو دفعہ الیکشن ہوئے جن میں پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔