سرگودھا ، محکمہ مال کا سوسالہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے دعوؤں پر تین سال سے عملدرآمد التواء کا شکار

منگل 7 جولائی 2015 22:43

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)ضلع سرگودھا میں محکمہ مال کا سوسالہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے دعوؤں پر گزشتہ تین سال سے عملدرآمد مسلسل التواء کا شکار ہے ، اس منصوبے کی تکمیل کیلئے چھ مرتبہ ڈیڈ لائن دی جا چکی ہے ، رواں برس بھی جون کے مہینے میں تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا ہدف دیا گیا تھا مگر حسب روایت یہ عمل مکمل نہیں ہو سکا ،ذرائع کے مطابق جس میں سب سے بڑی رکاوٹ پٹواریوں کی طرف سے مبینہ طور پر ریکارڈ کی عدم دستیابی بتایا جاتا ہے ، جو پرانے ریکارڈ تک رسائی نہیں دے رہے جس کی وجہ سے ضلع بھرکے 849 مواضعات میں سے صرف289 مواضعات کے ریکارڈ کی تصدیق ہو سکی، 104 مواضعات کاریکارڈدرستگی کیلئے دوبارہ متعلقہ اداروں کو بھیجا گیا جو تاحال واپس نہیں ہوا،131 فیڈبک ‘ 9 گرداوری اور 549 مساوی کی سکینگ مکمل کرنے کا دعویٰ کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ ما ل نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی آگاہ کیا ہے کہ 532 انتقالات کا ریکارڈ غائب ہے ،دوسری طرف کمپیوٹرائزیشن کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث اراضیوں کے ریکارڈ میں پیچیدگیاں بڑھ جانے سے محکمہ کو چھ کروڑ روپے سالانہ کا نقصان ہو رہا ہے،سیکرٹری بورڈ آف ریونیو پنجاب نے جون گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ کرنے پر ضلعی افسران سے وضاحت طلب کر لی ہے ۔

`