اعتکاف رمضان کی عبادتوں میں سے اہم ترین عبادت ہے،مفتی محمدنعیم

رحمت ومغفرت کے بیس دن گزرگئے ، آخری عشرے کوزیادہ سے زیادہ بدنی ومالی عبادات کے ذریعے قیمتی بنائیں

منگل 7 جولائی 2015 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ اعتکاف رمضان المبار ک کی عبادتوں میں سے اہم ترین عبادت ہے،جس کااہتمام سرکاردوجہاں ﷺ ہرسال کیاکرتے تھے ،مبارک مہینے کے رحمت ومغفرت کے بیس دن گزرگئے اس لئے ہر مسلمان کوچاہئے کہ آخری عشرے کے اوقات کوزیادہ سے زیادہ بدنی ومالی عبادات کے ذریعے قیمتی بنائیں ،جامعہ بنوریہ میں امسال بھی اجتماعی اعتکاف کیاجارہاہے جس میں جیدعلماکر ام کے اصلاحی بیانات اورمجالس ذکرکے ذریعے معتکفین کے دینی تربیت پرخصوصی توجہ دی جائیگی۔

منگل کوجامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک مسلمانوں کیلئے اللہ تعالی کاخاص تحفہ اورنیکیوں کاسیزن ہے جس میں بدنی ومالی عبادات زیادہ سے زیادہ کرنے چاہئے،ماہ مبارک کاپہلاعشرہ رحمتوں کادوسرامغفرت کااورتیسراجہنم سے خلاصی کاہے ، رمضان اپنے اندر بے شمار انعامات اور بشارتیں سمیٹے ہوئے ہے اوراللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو بخش کا مکمل موقع فراہم کرتے ہیں جس میں ہرروزافطارکے وقت رب کریم دس لاکھ افراد کوجہنم سے خلاصی کاپروانہ دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سرورکونین ﷺ نے اس شخص کی ہلاکت کی دعافرمائی ہے جسے رمضان کامہینہ نصیب ہونے کے باجودمغفرت نہ مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ اعتکاف رمضان المبار ک کی عبادتوں میں سے اہم ترین عبادت ہے، اعتکاف مسنون آخری عشرے میں اللہ کے گھر آکر مستقل عید کا چند نظر آنے تک ٹھہر جانے اور ان اوقات کو عبادات میں صرف کرنے کا نام اعتکاف ہے ،اس کااہتمام سرکاردوجہاں ﷺ ہرسال کیاکرتے تھے ، ماہ مبارک کے رحمتوں اورمغفرت کے دوعشرے گزرگئے لیکن جتنازیادہ ہوسکے جہنم سے خلاصی کے عشرے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاناچاہئے اوراللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنی چاہئے ۔

درایں اثنا ترجمان جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مطابق امسال جامعہ بنوریہ کی جامع مسجد محمدی میں بھی اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیاگیاہے جس کے لئے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں،اجتماعی اعتکاف کے موقع پر جید علما ء اورمفتیان کرام کے بیانات اور اصلاحی مجالس کے ذریعے سے معتکفین کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی حالت زار ہے باالخصوص وطن عزیز آئے روز بحرانوں کے نرغے میں ہے ایسے وقت میں ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ سے گناہوں کے معافی اور پوری امت مسلمہ باالخصوص ملکی مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں ۔

آخری عشرے کا مسنون اعتکاف کے خواہش مند حضرات شام چاربجے تک جامعہ بنوریہ عالمیہ رابطہ کرکے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں نیز درجہ ذیل نمبرز 021-32560300 ،021-32560400را بطہ کر کے بھی رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے۔