وزیرِداخلہ کا نادرا کا دورہ، افسران سے ملاقات،نادرا کو نیشنل کاونٹر ٹیریرزم اور آئی این جی اوز کا ڈیٹا بیس بنانے کی ہدایت

ملازمین عوام کے ساتھ انتہائی اچھے اندا ز میں پیش آئیں، آئندہ چھ ماہ میں عوام کو لمبی لمبی لائنوں سے چھٹکارہ دلانے کی کوشش کی جائے ،کم سے کم وقت میں شناختی کارڈ حاصل کرنے کے تمام مراحل پورے ہوں،چودھری نثار

منگل 7 جولائی 2015 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارکانادرا کادورہ، نادرا کو نیشنل کاونٹر ٹیریرزم اور آئی این جی اوز کا ڈیٹا بیس بنانے کی ہدایت۔منگل کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ عوام کا شناختی کارڈ کے حصول میں کم سے کم وقت صرف ہو اس کیلئے آن لائن درخواست کے سسٹم کا اجراء کیا جائے،آن لائن سسٹم سے نہ صرف اندرون ملک پاکستانی مستفید ہوں بلکہ بیرون ملک پاکستانی بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ نادرا کے ملازمین پبلک کے ساتھ انتہائی اچھے اندا ز میں پیش آئیں۔انہوں نے کہاکہ نادرا کے محنتی اور ایماندار ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے نادرا میں پرفارمنس بیسڈ سسٹم کا اجراء کیا جائے تاکہ جو اچھے کام کریں ان کو اس کے مطابق مراعات دی جائیں۔

(جاری ہے)

چودمری نثار نے کہاکہ آئندہ چھ مہینوں میں کوشش کی جائے کہ نادرا کے دفتروں میں عوام کو لمبی لمبی لائنوں سے چھٹکارہ ملے اورکم سے کم وقت میں شناختی کارڈ حاصل کرنے کے تمام مراحل پورے ہوں۔

وزیرداخلہ نے اعلان کیا کہ نادرا کے ملازمین کو نادرا کے منافع سے حصہ دیا جائیگا اور اس سال عید کے موقع پر گریڈ ایک سے پندرہ کے ہر ملازم کو پندرہ ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اچھی پرفارمنس کے ساتھ ساتھ کرپٹ لوگوں کا قلع قمع کرنے کیلئے خاص طور پر جھوٹی یا جعلی رجسٹریشن میں ملوث ملازمین کے خلاف کاروائی کیلئے اینٹی کرپشن سیل ترتیب دیا جائے۔چودھری نثار نے کہاکہ کینیا کا تین ملین ڈالر کا پراجیکٹ حاصل کرنا نادرا کے بین الاقوامی تشخص اور اس پرا عتماد کی غمازی کرتا ہے جس کیلئے چیرمین نادرا اور تمام ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

متعلقہ عنوان :