پیپلز پارٹی کی آصف زرداری کی تنویرزمانی سے شادی کی افواہوں کی تردید

منگل 7 جولائی 2015 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تنویر زمانی سے شادی سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے یہ خاتون پیپلز پارٹی کی رہنما ہیں نہ ان کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ پاکستان یا بیرونِ ملک میں ہے، اس حوالے سے ساری باتیں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے تنویر زمانی نام کی ایک خاتون ٹی وی چینلوں پر آرہی ہیں اور خود کو پارٹی کا لیڈر اور کبھی کبھی تو پارٹی کا ترجمان ظاہر کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کی قطعی طور پر تردید کی ہے کہ یہ خاتون پیپلز پارٹی کی رہنما ہیں نہ ان کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ پاکستان یا بیرونِ ملک میں ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا پر انٹرویو میں یہ غلط تاثر بھی دیا جا رہا ہے کہ اس خاتون نے سابق صدر آصف علی زرداری سے شادی کی ہوئی ے۔ یہ افواہ اس وجہ سے بھی تقویت پاتی رہی ہے کہ اس خاتون نے اس بارے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا ہے اور اپنے انداز گفتگو سے یہ بات درست ثابت کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ یہ قطعی طور پر غلط ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی شادی کی افواہ ان کے دورِ صدارت میں 2011ء میں پھیلائی گئی تھی۔

اس وقت بھی 3فروری 2011ء کو ایوان صدر سے اس افواہ کی تردید کی گئی تھی اور اس غیراخلاقی مہم کی مذمت کی گئی تھی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خاوند تھے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے داماد تھے۔ وہ اسے اپنے لئے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں اور اس قسم کی تمام افواہوں اور ذاتی حملوں کو برداشت کرتے آئے ہیں۔

ان کے خلاف اس مذموم مہم کو چلانے والے جان لیں کہ آصف علی زرداری تاریخ کا ادراک رکھتے ہیں۔ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے شوہراور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے داماد کی حیثیت سے زندہ رہنا چاہتے ہیں اور اسی حیثیت میں مرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے کچھ چینلوں اور اینکروں کی جانب سے اس بے ہودہ افواہ کو صرف ریٹنگ کے لئے ہوا دینے کی مذمت کی۔ یہ ساری باتیں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔