جیش محمد ، لشکر طیبہ سمیت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی ہے،سینیٹ میں وقفہ سوالات

کالعدم تنظیمیں خیراتی کاموں میں حصہ نہیں لے سکتیں،ریلوے سے151 افراد کو برطرف کیا گیا ، اقتصادی راہداری میں ریلوے کا مغربی روٹ شامل نہیں پیمرا تمام نجی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے پروگراموں کی مکمل نگرانی کرتا ہے اور خلاف ورزی پر نوٹس اورجرمانے کئے جاتے ہیں،وزیراطلاعات

منگل 7 جولائی 2015 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) سینٹ کووقفہ سوالات میں بتایا گیا کہ جیش محمد ، لشکر طیبہ سمیت کالعدم تنظیموں کی ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور خیراتی کاموں میں حصہ لینے لینے کی ممانعت ہے ، پاکستان ریلوے سے مجموعی طور پر 151 افراد کو برطرف کردیا ہے ، پیمرا تمام نجی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے پروگراموں کی مکمل نگرانی کرتا ہے اور خلاف ورزی پر نوٹس اورجرمانے کئے جاتے ہیں ، پاک چین اقتصادی راہداری میں ریلوے کا مغربی روٹ شامل نہیں ہے ۔

سینٹ میں وقفہ سوالات کے موقع پر وفاقی وزیر سرحدی امور بریگیڈئر ریٹائرڈ عبدالقادر نے بتایا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت جلا وطن کی جانے والی کسی بھی تنظیم پر اپنے نام یا مختلف ناموں سے سرگرمیوں اور خیراتی کام کرنے پر پابندی عائد ہے ملک میں جیش محمد اور لشکر طیبہ پر پابندی عائد ہے اور ان کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے بھی مشکوک قرار دیئے جاچکے ہیں انہوں نے بتایا کہ یو این ایس سی آر نے جماعت الدعوة کو لشکر طیبہ کے نام سے درج کیا ہے تاہم دونوں کے مابین تعلق کو ثابت کرنے کیلئے پاکستان کو شواہد فراہم نہیں کئے گئے ہیں جماعت الدعوة کی نگرانی کی جار ہی ہے اگر وہ خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث ہوئی تو اس پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے سے خورد برد رشوت ستانی اور دیگر خلاف ورزیوں پر مشتمل 151 افراد کو برطرف کردیا گیا ہے جبکہ 335ملازمین کو کنٹریکٹ سے مستقل کرنے کیلئے سابق وفاقی وزیر کی سفارشات پر عمل کیا گیا ہے موجودہ دور میں 762 افراد بھرتی کئے گئے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پیمرا ملک بھر میں نجی ٹی وی چینلز کے تمام پروگراموں کی مکمل نگرانی کرتا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جاتی ہے ۔

سینیٹر احمد حسن کی جانب سے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ 73نئے اضلاع میں پاسپورٹ دفاتر کھولے جائینگے جس میں بیس دفاتر حالیہ سال جبکہ باقی دفاتر اگلے سال میں کھولے جائینگے انہوں نے کہا کہ مانسہرہ ، ننکانہ ، صوابی ، چار سدہ ، لکی مروت ، کرک سمیت مختلف اضلاع میں پاسپورٹ دفاتر کے کھولنے کی تیاری شروع کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2014-15ء کے دوران درہ آدم خیل میں ایف آر کوہاٹ میں دس تعلیمی اداروں کی مرمت اور ازسرنو تعمیر کیلئے اسی ملین سے زائد رقوم مختص کی گئی اور تین تعلیمی ادارو ں پر بیس ملین روپے خرچ کرکے انہیں نئے سرے سے تعمیر کیا گیا ۔

سینیٹر طاہر مشہدی کی جانب سے ضمنی سوال میں نادرا کی جانب سے لاوارث بچوں کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر افسوس کااظہار کیا گیا اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ لاوارث بچوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا سسٹم نادرا نے شروع کیا گیا ہے چیئرمین سینٹ نے سینٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں بل سیشن کے اگلے اجلاس میں پیش کریں سینیٹر چوہدری تنویر خان کی جانب سے پاک ریلوے کے بارے میں ضمنی سوال کے جواب میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ چین پاکستان کی اقتصادی راہداری فیز ون میں کراچی سے پشاور تک ریلوے کی مکمل اپ گریڈیشن شامل ہے ہم نے یہ درخواست کی ہے کہ پشاور سے فاٹا تک ٹریک کو توسیع دی جائے لاہور سے پشاور تک ڈبل لائن بچھانے کے فیز ٹو میں دادو سے خضدار تک ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ اور ڈی آئی خان روٹ پاک چائنہ اقتصادی راہداری میں شامل نہیں ہے یہ ریلوے کا منصوبہ ہے اور اس کو دیگر ذرائع سے پورا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ایم ایل این دوسری ترجیح ایل ایل ٹو اور تیسری ایم ایل تھری ہے انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون پر 3.6 بلین ڈالر خرچ ہونگے جوکہ سافٹ لون کی صورت میں ہونگے انہوں نے کہا کہ یہ بات کہیں نہیں کی گئی کہ مغربی روٹ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے تحت بنے گی