نیب زدہ لیڈروں کے کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوائے جائیں

نیب زدہ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ ایک لمحہ کیلئے بھی قابل قبول نہیں‘ڈاکٹر رحیق عباسی ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے کے دوران جو حقائق بیان کیے ،نیب کی رپورٹ نے تصدیق کر دی جعلی مینڈیٹ والے کرپٹ حکمرانوں میں شرم ہے تو مستعفی ہو جائیں‘ نیب کی رپورٹ پر ردعمل

منگل 7 جولائی 2015 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ قوم کیلئے نیب زدہ وزیراعظم ،وزیراعلیٰ ،وزیر خزانہ سمیت میگا سکینڈلز میں ملوث نام نہاد لیڈرز ناقابل قبول ہیں،جعلی مینڈیٹ والے کرپٹ حکمرانوں میں شرم ہے تو مستعفی ہو جائیں۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں میگا سکینڈلز کے حوالے سے پیش ہونے والی نیب کی رپورٹ پر انہوں نے اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ پیٹ کی آگ بجھانے والے غریب شہری اگر 100روپے کی چوری بھی کر لیں تو کئی کئی ماہ جیلوں میں قید و بند کی سختیاں جھیلتے ہیں مگر افسوس کروڑوں ،اربوں روپے کی لوٹ مار میں ملوث حکمران تخت پر بیٹھے ہیں اور کوئی ان کی ہوا کی طرف بھی نہیں دیکھ رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے کے دوران حکمرانوں کی کرپشن ،لوٹ مار،اختیارات کے ناجائز استعمال ،اقربا پروری ،کمیشن کک بیکس کے حوالے سے جتنے بھی حقائق قوم کے سامنے رکھے تھے نیب کی اس رپورٹ نے ان کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نیب زدہ لیڈرشپ کے کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوائے جائیں اور بلا تاخیر فیصلے کر کے قومی خزانے کے لٹیروں کو تخت سے اٹھا کر تختہ دار پر کھڑا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ظالمانہ جمہوری نظام ہے جس میں قانون طاقتور کیلئے موم کی ناک اور کمزور کیلئے لوہے کا چنا بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی حالیہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد کرپٹ ،قاتل اور جعلساز حکمرانوں کے خلاف عوام اٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ نیب کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے عوامی تحریک کے سینئر وکلاء پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے جو اس کا ہر سطح سے جائزہ لے گی ۔

کرپشن کے ان دستاویزی حقائق کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے صدرنے وزیردفاع خواجہ آصف کے اس اعتراف کے نیشنل ایکشن پلان کے 15 سے زائد نکات پر سرے سے کوئی میٹنگ ہی نہیں ہوئی ان کا یہ اعتراف اقبال جرم ہے ، یہی بات پاکستان عوامی تحریک گزشتہ کئی ہفتوں سے دہرا رہی ہے کہ حکمران قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کے ایجنڈے پر ہیں۔ خواجہ آصف کے اقبال جرم نے ہمارے اس موقع پر بھی تصدیق کی مہر لگا دی ہے۔ اب ان حکمرانوں کا اقتدار میں مزید رہنا ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہو گا۔