بلاول بھٹو نے صوبہ سندھ میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزارتوں کی کھچائی شروع کر دی ہے‘منظور احمد وٹو

پیپلز پارٹی کے روشن مستقبل سے پرامید ہیں۔ ، سیاسی پارٹیوں میں نشیب و فراز آنا کوئی انہونی بات نہیں‘صدر پیپلز پارٹی پنجاب

منگل 7 جولائی 2015 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے صوبہ سندھ میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزارتوں کی کھچائی شروع کر دی ہے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ضلع اوکاڑہ سے آئے ہوئے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا جسکی قیادت چوہدری سجاد الحسن ، سابق ایم این اے صدر پیپلز پارٹی اوکاڑہ کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے چند لوگوں نے اپنے اپنے حلقے کی سیاست کی خاطر انہوں نے پیپلز پارٹی چھوڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ نظریاتی ہیں اور نہ ہی جیالے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں پیپلز پارٹی میں بھی پارٹی ٹکٹ کے لیے شمولیت اختیار کی تھی اور پھر منتخب ہو کر 5 سال اقتدار کے مزے لوٹتے رہے اور اس دوران اُن کو پارٹی اور اسکی قیادت میں کمزوریاں نظر نہیں آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انکے رویوں سے جیالے پارٹی کو فعال بنانے کے لیے اور بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے روشن مستقبل سے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں نشیب و فراز آنا کوئی انہونی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ترقی پسند، لبرل اور جمہوری جماعت ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو کی ولولہ انگیز اور صاف ستھری قیادت میں پارٹی ضرور ٹیک آف کریگی۔

میاں منظور احمد وٹو نے بعض میڈیا کی طرف سے پارٹی اور پارٹی قیادت کے میڈیا ٹرائل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے جمہوریت اور نہ ہی ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ کسی بھی دوسرے نظام حکومت سے میڈیا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا جس سے میڈیا کی آزادی پر بہت برے اثرات ہونگے۔ چوہدری سجادالحسن نے 5 جولائی کے یوم سیاہ کی لاہور میں شاندار اور کامیاب تقریب پر میاں منظور احمد وٹو کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کرنیوالوں کو مستقبل قریب میں ہی منہ کی کھانی پڑے گی۔