انسانی زندگیاں بچانے کیلئے سگریٹ اور تمباکو کی تمام مصنوعات پر ٹیکس عائد کیا جائے، عالمی ادارہ صحت

منگل 7 جولائی 2015 20:50

لندن ۔ 07 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کی تمام حکومتوں پر زور دیا ہے کہ انسانی زندگیاں بچانے اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے سگریٹ اور تمباکو کی تمام مصنوعات پر ٹیکس عائد کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق صحت بارے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ ڈبلیو ایچ او نے گلوبل ٹوبیکو ایپی ڈیمک 2015ء کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ عوام کو سگریٹ نوشی سے باز رکھنے کے لئے ابھی تک صرف چند حکومتوں نے سگریٹ نوشی یا تمباکو کی مصنوعات پر مکمل طو رپر ٹیکس عائد کیا ہے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ عوام کو سگریٹ نوشی ترک کرنے پر مجبور کرنے یا سگریٹ نوشی سے باز رکھنے کے لئے سگریٹ کی ڈبیہ کی قیمت کا 75 فیصد بطور ٹیکس وصول کیا جانا چاہئے۔ عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں اخذ کیا ہے کہ دنیا بھر میں تمباکو نوشی سے متعلقہ بیماری سے ہر 6 سکینڈز میں ایک ہلاکت ہوتی ہے اور تمباکو نوشی سے سالانہ 60 لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں اور تمباکونوشی پر موثر طور پر قابو نہ پایا گیا تو 2030ء تک سگریٹ نوشی سے سالانہ 80 لاکھ ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔