پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تجارت، انسداد دہشتگردی، قابل تجدید توانائی،انفارمیشن ٹیکنالوجی ، آٹو انڈسٹری میں تعاون کا خواہش مند ہے ؛صدر ممنون حسین

جرمن سرمایہ کار پاکستان کی لبرل پالیسیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؛جرمنی کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر سیرل نن سے گفتگو

منگل 7 جولائی 2015 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تجارت، انسداد دہشتگردی، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آٹو انڈسٹری میں تعاون کا خواہش مند ہے اور جرمن سرمایہ کار، سرمایہ کاری کے بارے میں پاکستان کی لبرل پالیسیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے جرمنی کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر سیرل نن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ ثقافت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور جرمنی کے ساتھ نہ صرف دوطرفہ بلکہ یورپی یونین کی سطح پر تعلقات اور تجارتی روابط میں اضافے کا خواہش مند ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پا کستان ہر قسم کی دہشتگردی، انتہاپسندی اور علیحدگی پسندی کے رحجانات کے خاتمے کا خواہشمند ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اورتمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو بعض مسائل کا سامنا ہے جنھیں حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں جاری ہیں۔صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے سفیر کی خدمات کی تعریف کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے جرمن سفیر سیرل نن نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :