گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

منگل 7 جولائی 2015 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر چوہدری اشتیاق احمد خاں کی سربراہی میں ملاقات کی۔ملاقات میں وکلاء نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری نے بحالی جمہوریت اور مظلوموں کی انصاف تک رسائی میں قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وکلاء کی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولیات کو یقینی بنائے گی تاکہ وہ عدل و انصاف کی فراہمی میں اپنے فرائض منصبی بطرین احسن انجام دے سکیں۔گورنر نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہئے کہ ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اپنا اپناکردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ہماری قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے اور جنون کے ساتھ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔