جماعت اسلامی نے پٹوارکلچرکے خاتمے کے حوالے سے تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

حکومت کرپٹ پٹواریوں کیخلاف کاروائی کرکے معاشرے کو اس ناسور سے پا ک کرے،سید وسیم اختر

منگل 7 جولائی 2015 19:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء ) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے پٹوارکلچرکے خاتمے کے حوالے سے تحریک التواء پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کرائی جانے والی تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ ایک قومی اخبارکی خبر کے مطابق ’’پٹوار کلچر نے حاجی مراد خان کی زمین ہتھیالی ۔

جمیل ،اسماعیل وغیرہ نے پٹواریوں مشتاق اور مجید سے مل کر ھبہ تام زبانی پر حاجی مرا د خان کے جعلی انگوٹھے لگوائے اور ہمیں جائیداد سے محروم کردیا‘‘’’کرپٹ پٹواریوں کی وجہ سے معاشرہ خاندانی دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکا ہے اور پٹوار کلچر کا ناسور معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ پنجاب یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ پٹوار کلچر کا خاتمہ کرکے د م لوں گا اور دوسری طرف کرپٹ پٹواری مظلوم اور بے سہار ا لوگوں کی اراضی جعل سازی اور فراڈ کے ذریعے ہتھیار ہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور اس سنگین معاملے کا سختی سے نوٹس لے اور مظلوم خاندان کی داد رسی کے ساتھ ساتھ کرپٹ پٹواریوں کے خلاف کاروائی کرکے معاشرے کو اس ناسور سے پا ک کرے‘‘۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ کچہری تھانہ اور پٹواری کلچر معاشرے کا ایسا ناسور ہے جس کو ختم کئے بغیر وطن عزیز سے کرپشن کے عفریت کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف عوام کواس گلے سڑے نظام سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ عوام کی زمین جائیداد کے معاملات کو شفاف بنانے کیلئے اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا شفاف اور موثر نظام بنایاجائے تاکہ عوام کو پٹواری کے استحصال سے نجات مل سکے۔