سابق پرنسپل پی جی ایم آئی کے اعزاز میں گنگا رام ہسپتال میں افطار ڈنر کا اہتمام

منگل 7 جولائی 2015 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر وقار نبی باجوہ نے کہا ہے کہ شخصیات نہیں ادارے اہم ہوتے ہیں مگر بعض افراد ایسے ہوتے ہیں جو اپنی کمٹمنٹ ، محنت ،لگن اور فرائض منصبی کے حوالے سے اپنے ہم عصروں اور جونیئرز کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت اختیار کر جاتے ہیں ۔بلا شبہ پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ انہی شخصیات میں سے ایک ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب اور وہاں موجود میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ دوران تقریب پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ کو ان کی خدمات کے اعزاز میں اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا ۔ تقریب میں پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر خالد محمود ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر ممتاز احمد ، ایم ایس گھرکی ہسپتال ڈاکٹر محمد جاوید ، ایم ایس سروسز ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ ، نائب صدر لاہور پریس کلب ندیم بسرا ، صحافیوں سمیت مختلف ہسپتالوں کے انتظامی ڈاکٹروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب میں پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ وہ اس تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر وقار نبی باوجوہ کے مشکور ہیں اور اس پروگرام میں شرکت کر کے میرا عزم مزید پختہ ہوا ہے اور مجھے انسانیت کی خدمت کے حوالے سے نئے اہداف کے تعین میں بھی راہنمائی ملی ہے بلا شبہ پاکستان میں ڈی بی ایس آپریشن کے بانی پروفیسر خالد محمود انتہائی خوش قسمت ہیں جنہیں وزیر اعلی پنجاب نے ایسے ادارے کی انتہائی اہم ذمہ داریاں سونپی ہیں جہاں میڈیکل کی تعلیم کے لئے بیرون ملک سے ڈاکٹر اور ملک بھر سے نیوروسرجری کے مریض لائے جاتے ہیں اور مجھے قوی یقین ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآں ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مریضوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ کئی سالوں سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ریگولر کر کے قابل تحسین کام کیا ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے ریٹائرمنٹ کے دن جہاں کام چھوڑا تھا ہم اسے آگے لے جانے کے لئے کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ نہ صرف مریضوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجہ کے لئے تمام توانیاں صرف کریں گے بلکہ پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج میں ریسرچ کے کام کو بھی مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے یہ ہمارا ہدف ہی نہیں بلکہ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری بھی ہے جس سے ہم ہر صورت عہدہ برآ ں ہو کر رہیں گے ۔