ڈی سی اوز آفس میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے جبکہ ویڈیو کیمروں کے ساتھ بھی جلوسوں کی ریکارڈنگ ہو گی‘عبداﷲخان سنبل

پولیس نے جامع سیکورٹی منصوبہ بندی کرکے متعلقہ ڈی سی او کو اعتماد میں لے لیا ہے اور تمام ڈیوٹیوں کا شیڈول بھی جاری ہو گیا ہے‘کمشنر لاہور ڈویژن

منگل 7 جولائی 2015 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲخان سنبل نے کہا ہے کہ یوم شہادت حضرت علیؓ پر لاہور سمیت پوری ڈویژن میں جلوسوں کے لیے سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات مطمئن حد تک مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام ڈی سی اوز جلوس کے راستوں اور مجلس مقامات کا حتمی دورہ کریں گے جن میں تمام محکموں کے افسران و عملہ سمیت منتظمین بھی ساتھ ہوں گے- انہوں نے کہا کہ واپڈا، واسا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو 1122، سوئی گیس و دیگر تمام محکمے الرٹ ہیں اور ڈی سی اوز آفس میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے جبکہ ویڈیو کیمروں کے ساتھ بھی جلوسوں کی ریکارڈنگ ہو گی- پولیس نے جامع سیکورٹی منصوبہ بندی کرکے متعلقہ ڈی سی او کو اعتماد میں لے لیا ہے اور تمام ڈیوٹیوں کا شیڈول بھی جاری ہو گیا ہے- ایس پی سیکورٹی کیپٹن (ر) لیاقت نے شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا ہ پولیس نے مذکورہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور راستوں کی مکمل سویپنگ بھی کرائی جا رہی ہے جبکہ راستوں میں موجود گھروں اور دکانوں کو بھی چیک کرایا جا رہا ہے- اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری محمد شہباز اور ماجد ظہور نے کہا کہ حکومت پنجاب نے یوم شہادت علی ؓ پر موثر اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں اور تمام منتخب عوامی نمائندے جلوسوں کے ساتھ موجود ہوں گے-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت علیؓ پر انتظامات کے حوالے سے آج اجلاس ہوا- اجلاس میں ایم پی اے چوہدری شہباز، ایم پی اے ماجد ظہور، ڈی سی او لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، قصور، ایڈیشنل کمشنر، ایس پی سیکورٹی لاہور، شیخوپورہ رینج، لائسنس ہولڈرزمرکزی جلوس،آئمہ فقہ جعفریہ اور تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :