تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ندی نالوں کی صفائی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی

منگل 7 جولائی 2015 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پرایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ کیماڑی ،سائٹ ،اورنگی اور بلدیہ زون میں جاری ندی نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا انہوں نے بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام ندی نالوں کی فوری صفائی کے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ندی نالوں کی صفائی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے خصوصا تجاوزات کے حوالے سے ندی نالوں کے اوپر اور اطراف رہائش پذیر افراد سے فوری رابطہ کر کے انہیں ازخود تجاوزات کے خاتمے کیلئے تیارکیا جائے جبکہ ندی نالوں سے نکالے جانے والے کچرے وملبہ کوفوری طور پر ٹھکانے لگانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل سے استفادہ حاصل کیا جائے انہوں نے موقع پر موجود افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ ندی نالوں کی صفائی کے عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ صفائی ستھرائی کی صورتحا ل کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ شعبہ جات کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اس موقع پربلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو ندی نالوں کی صفائی کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ تمام تردستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ندی نالوں کی صفائی کا عمل شب وروز جاری رکھا جارہا ہے تجاوزات کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام علاقوں میں صفائی کا عمل بھر پور طریقہ سے جاری ہے کچرہ وملبہ کی منتقلی کیلئے تمام ہلکی وبھاری مشینری کوبروئے کار لایا جارہا ہے۔