جماعۃ الدعوۃ کراچی کے تحت شہر میں 45 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے

منگل 7 جولائی 2015 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) جماعۃ الدعوۃ کراچی کے تحت شہر میں 45 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ معتکفین آج 20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے، جبکہ عیدالفطر کاچاند نظرآنے پر اعتکاف ختم کیاجائے گا۔ جماعۃ الدعوۃ کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال سمیت دیگر بڑی مساجد میں رمضان کے آغاز سے ہی رجسٹریشن شروع کردی گئی تھی۔

جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی، جامع مسجد نمرہ نارتھ ناظم آباد، جامع مسجد ریاض الجنہ نارتھ کراچی، مرکز حنین قائد آباد، جامع مسجد باب الاسلام ڈالمیا سمیت دیگر بڑی مساجد میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مساجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امسال نوجوان معتکفین کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

جماعۃ الدعوۃ شعبہ دعوت و اصلاح کراچی کے مسؤل حافظ محمد امجد کا کہنا ہے کہ جماعۃ الدعوۃ کراچی کے تحت 45 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جماعۃ الدعوۃ کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال میں امسال چار سو سے زائد مرد و خواتین اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔ جہاں قاری محمد رضوان زاہد امامِ حرم الشیخ سعود الشریم کی طرز پر نماز تراویح پڑھا رہے ہیں۔ خواتین کے لیے مرکز تقویٰ کے علاوہ دیگر بڑی مساجد میں مکمل باپردہ انتظام کیا گیا ہے۔ حافظ محمد امجد کا کہنا ہے کہ معتکفین کی تعداد میں گزشتہ سال کی بہ نسبت امسال زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جن میں نوجوان طبقہ سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ کے مساجد و مراکز میں معتکفین کے لیے سحر و افطار کا اہتمام جماعۃ الدعوۃ کرتی ہے۔ جبکہ طاق راتوں میں لیلۃ القدر کی تلاش کے لیے بھی معتکفین کو موقع و ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معتکفین کی دینی رہنمائی کے لیے جید علماء کرام کے علمی و اصلاحی دروس کا شیڈول بھی مرتب کیا گیا ہے۔ معتکفین علماء کرام کی نگرانی میں اپنے شب و روز بسر کرتے ہیں اور اﷲ کی عبادت میں مصروف رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :