اگر آپ اپنے شعبے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں تو اپنی ذات سے نکل کر اپنے پیشے کیلئے کام کرنا ہو گا ٗسائرہ افضل تارڑ

علم طب اﷲ اور رسولؐ کی طرف سے ایک تحفہ ہے ٗ حکماء کا دین کی طرف بھی رجحان ہوتا ہے ٗخطاب

منگل 7 جولائی 2015 18:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسرز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ اگر آپ اپنے شعبے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں تو اپنی ذات سے نکل کر اپنے پیشے کے لیے کام کرنا ہو گا ۔ علم طب اﷲ اور رسولؐ کی طرف سے ایک تحفہ ہے اور حکماء کا دین کی طرف بھی رجحان ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے نومنتخب ممبران طبی کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ جتنی بھی میڈیکل کونسلز ہیں ان میں سیاست حاوی ہو جاتی ہے اور میں کہوں گی کہ آپ سیاست کو بالاطاق رکھ کر حکمت کے فروغ کے لیے اپنی تو انائی صرف کریں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ہمیں آپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ۔ اس شعبے کو بین الاقوامی سطح پر رائج اصولوں کو مطابق چلانے میں آپ کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنی ڈیلی میٹنگ سے اپنا ایک وژن بنائیں اور ہر تین ماہ بعد اپنی نظر ثانی کریں کہ آپ نے اپنے مقاصد کس حد تک حاصل کیے ہیں ۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزارت صحت شعبہ طب کے فروغ کے لیے ہر طرح سے آپ کو سپورٹ کرے گی۔ آپ اپنے قوانین تبدیلی کے لیے اقدامات کریں اور جس طرح اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے کہ نیکی اور پرہیزگاری کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کرو، برے کاموں سے اجتناب کرو۔ اور میں بھی اسی فرمان الہی پر عمل پیرا ہوں۔وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے ممبران کو ہدایت کی وہ آن لائن رجسٹریشن کا نظام قائم کریں اور اپنے امتحانات کی شفافیت کے لیے اقدامات کریں تاکہ آپ کے سرٹیفکیٹ کا عالمی سطح پر اپنا مقام بن جائے۔

انہوں نے مذید کہا کہ طب کے شعبہ میں ریسرچ کی بڑی ضرورت ہے کیونکہ چائنہ جڑی بوٹیوں میں ہم سے بہت آگے نکل چکا ہے۔ کونسل کو چاہیے اس پر کام کرے تاکہ ان جڑی بوٹیوں کوملکی ضروریات کے لیے پورا کیا جائے بلکہ ہم کافی مقدار میں زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔ بعد ازاں قومی طبی کونسل کے صدر اور نائب صدر کے انتخاب کا انعقاد ہوا جس میں ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری صدر اورپروفیسر محمد اجمل خان نائب صدر منتخب ہوئے۔