وزیر خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ترتیب کردہ پالیسیاں پاکستانی عوام پر مسلط کر رہے ہیں،علی زیدی

منگل 7 جولائی 2015 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے چیف آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا کوئی ویژن نہیں ہے وزیر خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ترتیب کردہ پالیسیاں پاکستانی عوام پر مسلط کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بینک ٹرانزیکشن پر 0.6%ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ ظلم ہے ، انہیں فوری طور پر واپس لیا جائے ۔

کیونکہ ملکی معیشت اس قسم کی عجلت پسندانہ پالیسیوں کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ یہ باتیں انہوں نے پی ٹی آئی میڈیا سیل کراچی کے دفتر میں تاجر برادری کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ وفد کی قیادت بلال غفار کر رہے تھے۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات کراچی ریجن دوا خان صابر،امجد جاہ ،رفاقت عمر، ریاض حیدر، عابد جیلانی، ڈاکٹر سنجے،کیپٹن (ر) رضوان، غلام مصطفی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

علی زیدی نے مزید کہا کہ حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف ملک بھر کے صنعت کار اور تاجر برادری اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہیں ۔اس ٹیکس سے بینک ڈیپازٹس میں کمی ہو گی ، نقد رقم اور ہنڈی حوالہ کی کاروبار کو فروغ ملے گا۔اس قسم کے فیصلوں سے کاروبار اور تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ چھوٹے تاجروں کو ویسے ہی کئی پیچیدگیوں کا سامنا ہے ملک کی معیشت کو بہتر کرنے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے عوام دوست فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے ا س ٹیکس کو واپس نہیں لیا تو تحریک انصاف تاجر برادری کے ساتھ بھر پور احتجاج کرے گی اور اس ٹیکس کے خاتمے تک تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ۔