وفاقی حکومت کا فٹ بال فیڈریشن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، دو گروپوں کی لڑائی کے معاملے پر فیفا کو خطوط لکھے ہیں ، فیصل صالح حیات 12 سال سے فٹ بال فیڈریشن کے صدر ہیں، قانون اس کی اجازت نہیں دیتا

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کا سینیٹ سینیٹر روبینہ عرفان کے نکتہ اعتراض کا جواب

منگل 7 جولائی 2015 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا فٹ بال فیڈریشن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، ہم نے دو گروپوں کی لڑائی کے معاملے پر فیفا کو خطوط تحریر کئے ہیں، فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حوالے سے عدالت کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر روبینہ عرفان کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وفاقی حکومت فٹ بال فیڈریشن کے معاملات میں نہیں پڑنا چاہتی کیونکہ اولمپک ایسوسی ایشن کا تجربہ ہی ہمارے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے پر فیفا کو تین خطوط بھی تحریر کئے ہیں، عدالت نے فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کو روکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں فٹ بال ہاؤس پر 150 مسلح افراد کے حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل صالح حیات 12 سال سے فٹ بال فیڈریشن کے صدر ہیں، حالانکہ قانون کے مطابق دوبار کی مدت سے زیادہ کوئی صدر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت میں اپنا موقف پیش کیا ہے، عدالت کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :