محکمہ کسٹمز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے باہمی اشتراک سے ’پیپرلیس‘ ای فارم سسٹم تیار کرلیا

تجرباتی بنیادوں پرآپریٹ کرکے عیدالفطر کے بعدسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے باقاعدہ متعارف کرادیا جائے گا،عبدالماجد یوسفانی

منگل 7 جولائی 2015 17:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) محکمہ کسٹمز اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے باہمی اشتراک سے ’’پیپرلیس‘‘ ای فارم سسٹم تیار کرلیا ہے جسے تجرباتی بنیادوں پرآپریٹ کرکے عیدالفطر کے بعداسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے باقاعدہ متعارف کرادیا جائے گا، محکمہ کسٹمزکے ڈائریکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن عبدلماجدیوسفانی نے منگل کو پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفتر میں وی بوک کسٹمزکلیرنس سسٹم کے تحت پیپرلیس ای فارم سسٹم سے متعلق پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ خودکارای فارم متعارف ہونے سے برآمدی کنسائمنٹس میں ہونے والی جعلسازیاں، فراڈ اوراچھی ساکھ کے حامل ایکسپورٹرز کے نام کے کنسائمنٹس میں منشیات اسمگل کرنے کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے گی، انہوں نے بتایا کہ جعلی فارم ای کے ذریعے ماضی میں متعدد سنگین نوعیت کے فراڈ ہوئے ہیں جس میں معروف اور اچھی ساکھ کے حامل ایکسپورٹرز کا نام نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بری طرح متاثر ہوا ہے، اس نوعیت کی جعلسازیاں عموما متعلقہ برآمدکنندہ کے اسٹاف کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے لیکن الیکٹرانیکلی ای فارم متعارف ہونے کے بعد کسی بھی ایکسپورٹرکے کنسائمنٹ میں کسی بھی فراڈیے کے لیے فراڈ ناممکن ہوجائے گا اور اگر فراڈ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس نئے سسٹم میں اسکی نشاندہی بھی ممکن ہوسکے گی، انہوں نے بتایا کہ وی بوک کسٹمز کلیرنس سسٹم میں داخل کرائے جانے والے ہردرآمدوبرآمدی شپمنٹ کی گڈزڈیکلریشن کی تفصیلات سے متعلقہ بینک، اسٹیٹ بینک، اینٹی نارکوٹک فورس ودیگر ادارے باقاعدہ آگاہ رہ سکیں گے، محکمہ کسٹمز اور اسٹیٹ بینک نے 6 ماہ کی طویل محنت کے بعد مزکورہ الیکٹرانیکلی ای فارم سسٹم تیار کیا ہے جسے بدھ سے تجرباتی بنیادوں پرآپریشنل کیا جارہا ہے اور 15 یوم کے تجربات کی روشنی میں اس سسٹم کواسٹیٹ بینک آف پاکستان کے باقاعدہ سرکلرکے اجرا کے ذریعے متعارف کرادیا جائے گا، اس موقع پر پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کے سینٹرل چیئرمین سلیم پاریکھ نے اس نئے پیپر لیس سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کے آنے سے اب کام کی رفتار تیز ہوجائے گی مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ فلوقت دونوں نئے اور پرانے سسٹمز کو ایک ساتھ رواں رکھا جائے جب تک کہ اس نئے سسٹم کی کامیابی کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آجاتے۔

(جاری ہے)

پریزنٹیشن کے موقع پرپی ایچ ایم اے کے چیف کورآڈینیٹر جاوید بلوانی ، جنیڈ ماکڈا اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹران محمد منظور، فضل محمودبھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :