پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے ،خواتین کو زیادہ بااختیار بنانے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں‘ حمیدہ وحید الدین

عورتوں کی ترقی کے ساتھ ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ،پنجاب حکومت نے بجٹ میں حقوق نسواں کیئلے خاصی رقم مختص کی ہے جو ان کی تعلیم ، سماجی ترقی اور دیگر کاموں پر خرچ کی جائے گی‘ صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین

منگل 7 جولائی 2015 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو زیادہ بااختیار بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج برائے خواتین جنڈ میں ڈ ے کیئر سنٹر کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے کیا۔

صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجٹ میں حقوق نسواں کے لیے خاصی رقم مختص کی ہے جو ان کی تعلیم ، سماجی ترقی اور دیگر کاموں پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کی ترقی کے ساتھ ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ۔قبل ازیں انہوں نے گورنمنٹ کالج جنڈ میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ڈے کیئر سنٹر کالج میں موجود سٹاف کے لیے انتہائی ضروری ہے اور ان کی سہولت کا کام کرتے ہیں ۔

ایسے ڈے کیئر سنٹرز صوبہ بھر میں قائم کیے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر ایم پی اے ملک ظفر اقبال، ایم پی اے ملک شاویز خان ،ڈی سی او اٹک چودھری حبیب اﷲ ، اے سی جنڈ عامر شاہین رانجھا، کالج کا سٹاف ، طالبات اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے اراکین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ایم پی اے ملک ظفر اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک میں حقوق نسواں کے لیے تسلی بخش کام کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی انتہائی موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ اس موقع پر ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اﷲ نے کہا کہ ضلع اٹک میں حقوق نسواں کے لیے علیحدہ شعبہ قائم ہے۔ اس کے علاوہ عورتوں کے حقوق سے واقفیت کے لیے بڑی آگاہی مہم بھی چلائی گئی ہے۔ جس سے خواتین میں اپنے حقوق سے متعلق زیادہ شعور بیدار ہوا ہے۔ بعد ازاں محکمہ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کی طرف سے پنجاب وومن امپاورمنٹ پیکج پر بریفنگ بھی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فنی اور گھریلو سطح پر کام کرنے والی خواتین کی تربیت، اقلیتی خواتین کے لیے ووکیشنل سنٹرز کا قیام ، روزگار بنک، خواتین کو تعلیمی اور فنی اداروں میں کینٹین کنٹریکٹ، ورکنگ ویمن کے لیے مناسب قیمتوں پر رہائشی سہولیات، پنجا ب کمشن آن سٹیٹس آف ویمن ایکٹ ۲۰۱۴؁،پولیس سٹیشن میں خواتین کے لیے مخصوص ہیلپ ڈیسک ، فری ہیلپ لائن کا قیام اور ضلعی سطح پر فیملی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے ضلعی سطح پر خواتین کے حقوق سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے چلائی گئی مہم پر انتظامیہ کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ کاوشیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورتوں کو مردوں کے مساوی حقوق دیے ہیں اور تمام افراد پر ان حقوق کی پاسداری لازم ہے۔

پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کی علمبردار ہے اور موجودہ حکومت نے خواتین کو زیادہ سے زیادہ حقوق دیے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں پر ان کا کوٹہ بڑھا دیا گیاہے ، وراثتی قوانین میں تبدیلی کی جارہی ہے، حقوق جائیداد، کام کرنے والی جگہ پر ہراساں کرنے کا قانون، خاتون محتسب کا تقرر، تیزاب پھینکے پر جرم ، ڈے کیئر سنٹر ، وورکنگ ویمن ہاسٹلز کا قیام، یکساں اجرت کا قانون ، حکومتی سطح پر ملازمت اور معاشی خودمختاری، عمر کی بالائی حد میں اضافہ جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :