وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کی سربراہی میں فنی تربیت کے اداروں کی اپ گریڈیشن کے لئے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس

حکومت پنجاب فنی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی تنظیم نو اور نوجوانوں کو با عزت روزگار کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل طے کر رہی ہے

منگل 7 جولائی 2015 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ کے فنی تربیت کے اداروں کی تنظیم نو ، نصاب کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کر رہی ہے - انہوں نے یہ بات پی اینڈ ڈی آڈیٹوریم میں وزیر اعلی ، شہباز شریف کی طرف سے اس مقصد کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - صوبائی وزیر زکواۃ و عشر ملک ندیم کامران ، چیئر مین پی اینڈ ڈی عرفان الہی ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ارم بخاری ، سیکرٹری سکولز عبدالجبار شاہین ، سیکرٹری لیبر عشرت علی ، چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ،چیف آفیسر پنجاب سکلڈ ڈویلپمنٹ فنڈ علی سرفراز ،ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ساجد نصیر کے علاوہ ورلڈ بنک ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی - اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق اگلے چار سال میں 20 لاکھ نوجوانوں پر مشتمل ہنر مند افرادی قوت کی تشکیل کے لئے صوبہ پنجاب کے پبلک سیکٹر میں قائم فنی تربیت کے اداروں کے نصاب ، تربیتی طریقہ کار اور انتظامی امور کی اپ گریڈیشن کے لئے انٹر نیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے -انہوں نے کہا کہ صنعتی و معاشی ترقی کے لئے ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند افرادی قوت ،مقابلے کے رحجان پر مبنی جدید فنی تربیت کی فراہمی اور سنٹرل آف ایکسیلینس کے قیام کے علاوہ ہنر مند خواتین کی تعداد میں اضافے ، پالیسی میکنگ اور مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی ہنر مند افراد کی کھپت میں اضافے کے لئے سکلڈ ڈویلپمنٹ سیکٹوریل پلان 2015-18 متعارف کروایا گیا ہے -کمیٹی کے اغراض و مقاصد میں موجودہ فنی تربیت کے اداروں کے نصاب میں ان نقائص اور ضروری امور کی نشاندہی ہے جن کو بین الاقوامی مشاورتی فرم کے سامنے پیش کر کے دور کیا جا سکتا ہے - چیئر مین پی اینڈ ڈی عرفان الہی نے کہا کہ فنی تربیت کے اداروں کی خود مختار ایگزامینیشن باڈی کا قیام ،کنسلٹنٹ فرم کے ذریعے ٹیکنیکل معاونت ، پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے ملازمت کی فراہمی کے علاوہ لیبر مارکیٹ مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کو فعال کر کے ایسا موثر میکانزم وضع کیا جائے جس کے ذریعے نہ صرف تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی معلومات اور صوبہ پنجاب کے انڈسٹریل سیکٹر کی تمام معلومات کا ڈیٹا موجود ہو -انہوں نے کہا کہ آپرنٹس شپ کے حالیہ قانون کا از سر نو جائزہ لے کر اس میں ترمیم کی بھی اشد ضرورت ہے - اجلاس کے شرکاء نے ایگریکلچراور لائیو سٹاک سیکٹر میں فنی تربیت کے ذریعے پیداوار میں اضافے اور روائیتی سیکٹر سے غیر روائیتی سیکٹر کی طرف توجہ مبذول کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا - شرکاء نے تربیتی اداروں کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں - راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر پی اینڈ ڈی کے فوکل پرسن فراست کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دی جو اگلے دو دن میں تربیتی اداروں کے امور کے حوالے سے تمام معاملات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی -

متعلقہ عنوان :