حضرت علیؓ کا یوم شہادت، سکیورٹی کے فول پرو ف انتظامات کئے جا رہے ہیں، ڈی پی اورحیم یار خان

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 7 جولائی 2015 17:24

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) ڈی پی اورحیم یار خان طارق مستوئی نے کہا ہے کہ حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے سلسلہ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں ،پوری قوم کو امن کے دشمنوں سے متحدہو کر نپٹناہے ۔انہوں نے حیدری ٹرسٹ اور یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلہ میں برپا ہونے والے جلوس کے روٹ کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے تمام ونگز کو متحرک کیا جا چکا ہے اور پیپر و فزیکل ورک بھی مکمل ہے۔

ڈی ایس پی سٹی اشفاق احمد گجر ، ایس ایچ او چوہدری محمد اشرف ، جام محمد قاسم اور انسپکٹر سکیورٹی بشارت نبی سمیت اہل تشع ذمہ داران آصف نقوی ، چوہدری محمد حسین ، پپو و دیگر بھی ہمراہ تھے ۔دریں اثناء ٹی ایم او رحیم یار خان سردار نصیر احمد نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوس کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علیؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اہل تشیع بھائیوں کی مشاورت سے مثالی قدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلوس و مجالس کے روٹس پر صفائی، چھڑکاؤ سمیت تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جلوس کے روٹس پر لائٹس کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ٹی ایم اے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر جاکر امام بارگاہوں کے منتظمین کی مشاورت سے اقدامات کریں اور ان کے تحفظات و شکایات کا ازالہ کریں۔انہوں نے اہل تشیع رہنماؤں اور لائسنس داران سے کہا کہ وہ اپنے مسائل و تجاویز سے آگاہ کریں تاکہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے امام بارگاہ حیدری ٹرسٹ کے باہر سیوریج سسٹم فوری بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی ۔