وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سخت نوٹس لیا ہے، ، (کل) کپتان اور مینجمنٹ کو طلب کیا گیا ہے ،ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی کارکردگی سے پوری قوم کو شرمندگی ہوئی ،قوم کی امیدوں کے مطابق کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کا سینیٹ میں راجہ ظفر الحق کے نکتہ اعتراض کا جواب

منگل 7 جولائی 2015 17:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سخت نوٹس لیا ہے، ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے پوری قوم کو شرمندگی ہوئی ہے، (کل) بدھ کو ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ کو طلب کیا ہے، ہمیں کھیلوں کی فیڈریشنز کے معاملات ٹھیک کرنا ہوں گے۔

منگل کو ایوان بالا میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق کی طرف سے ہاکی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے نکتہ اعتراض کے جواب میں میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعظم ہاکی فیڈریشن کے سرپرست ہیں۔ انہوں نے ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ کو بدھ کو طلب کیا گیا ہے، کپتان کی مدد سے ہم اس معاملے کی تحقیقات کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپورٹس فیڈریشنز کے معاملات سب کے سامنے ہیں، یہ بعض وقات حکومتوں کے کنٹرول میں بھی نہیں رہتیں، اس حوالے سے قانون بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں پیسے کا عمل دخل بہت بڑھ گیا ہے، ہمیں بھی وقت کے ساتھ ساتھ چلنا پڑے گا، حکومت کو بھی پالیسی بتا دی ہے، قوم کی امیدوں کے ساتھ کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کرکٹ کے میدان میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یونس خان نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستانی ٹیم کے انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہیں پاکستانی ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور سوئمنگ کے مقابلے اب دوبارہ شروع ہو گئے ہیں، ہم بین الاقوامی ٹیموں کو ملک میں واپس لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس سے کھیلوں کے میدان ایک مرتبہ پھر آباد ہوں گے جن کو دہشت گردوں نے ویران کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی جس پر پوری قوم کو شرمندگی ہوئی ہے اور پاکستان 2020ء تک ہاکی کی عالمی دنیا سے نکل گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :