پاکستان اورناروے کے درمیان تعلقات ایک جیسے خیالات پر پرمبنی ہیں ‘ وزیراعظم

نوازشریف کی ناروے کے ولی عہد اور ان کی اہلیہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت

منگل 7 جولائی 2015 16:53

اوسلو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اورناروے کے درمیان تعلقات ایک جیسے خیالات جمہوری اجتماعیت اور معاشی آزادی کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے یہ بات اوسلومیں ناروے کے ولی عہد شہزادہ ہاکون میگنس سے ملاقات میں کہی۔وزیراعظم نے ناروے کے پاکستان کے ساتھ تعاون خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبو ں میں تعاون کو سراہا۔

انہوں نے ولی عہد اور ان کی اہلیہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی و اقتصادی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان روابط میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ناروے کے پاکستان کے ساتھ بالخصوص صحت اور تعلیمی شعبوں میں ترقیاتی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پسماندہ طبقہ کی سماجی و اقتصادی بہتری میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ایک آزاد، غیر سیاسی تنظیم ”گلوبل ڈگنیٹی“ کے قیام کیلئے شہزادہ ہاکون کی ذاتی کاوشوں کو سراہا جو ہر انسان کو باوقار طرز زندگی بسر کرنے کے عالمگیر حق کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ثقافتی ورثہ سے مالا مال ہے، ثقافت کے شعبہ میں اشتراک کار کیلئے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر گنجائش موجود ہے۔ شہزادہ ہاکون نے اوسلو سربراہ اجلاس میں شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جس کا مقصد محرومی کاشکار کروڑوں بچوں کیلئے بہتر تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :