گورنرخیبرپختونخوا نے تعلیمی اداروں میں فیڈریشنز اور تنظیموں پرپابندی کاحکم د یدیا

منگل 7 جولائی 2015 16:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان جوکہ تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں نے تعلیمی اداروں میں طلبہ تنظیموں اور فیڈریشنوں کی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے اور احکامات کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اور اس قسم کے فیڈریشنوں اور تنظیموں پر فوری طورپر پابندی کے احکامات جاری کئے ہیں ۔

انہوں نے تمام یونیورسٹیوں کے انتظامیہ کو اس سلسلے میں ہدایت کی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے اندر طالب علموں کو سازگارتعلیمی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ گورنر سیکرٹریٹ سے جاری ایک حکمنامے میں گورنر اور چانسلر نے تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام یونیورسٹیاں طالب علموں کے جائز مطالبات، مسائل اور شکایات کے ازالے کیلئے تعلیمی اداروں کے اندر ایک جامع نظام وضع کریں تاکہ اس کے تحت طالب علموں کے مشکلات اور شکایات کے بارے میں ضروری اقدامات کئے جا سکیں ۔ اسکے علاوہ نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ طالب علموں کی توانائیاں صحیح سمت میں خرچ ہوں ۔ تمام متعلقہ حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے لیول پر گورنر خیبر پختونخوا کے احکامات پر کارروائی کرکے جلد از جلد رپورٹ گورنر/ چانسلر کو ارسال کریں ۔