پیپلز پارٹی کی قیادت کو ضیاء کی باقیات سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ‘ بلاول بھٹو زرداری

منگل 7 جولائی 2015 15:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو ضیاء کی باقیات سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ، پیپلز پارٹی نے آمریت کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں ،پیپلز پارٹی آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے جو ملک بھر میں بینظیر بھٹو شہید کے مشن کے مطابق سیاست کر رہی ہے ، پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام آج بھی شہید بھٹو اور شہید بی بی سے وفاداری کا دم بھرتے ہیں ، شہیدوں کی پارٹی چھوڑ کر جانے والے ہیرو سے زیرو بن جاتے ہیں ، پنجاب میں پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے عید کے بعد لاہور آمد کے موقع پر کارکنوں سے ملاقاتوں ، ناراض سینئر رہنماؤں سے رابطے تیز کرنے کے علاوہ بلدیاتی انتخابات و پارٹی تنظیموں کو ازسر نو مضبوط اور فعال بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے گی ، ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ہر نشست پر مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو ضیاء کی باقیات سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ، آصف علی زرداری کی تقریر کا ایک ایک حرف ملک کے کروڑوں سیاسی ورکرں کے دل کی آواز ہے ، ہمارا مینڈیٹ ہمیشہ سے چرایا گیا لیکن ہم نہ پہلے گھبرائے تھے نہ اب گھبرائیں گے کیونکہ عوام کبھی بھی شہید بھٹو اور شہید بی بی کے ساتھ بے وفائی نہیں کر سکتے۔

آصف علی زرداری نے پاک فوج پر کوئی تنقید نہیں کی ، ضیاء کی باقیات نے سابق صدر کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دی ہوئی زبان حقوق کا تحفظ کرتی ہے یہی ہمارا سرمایہ ہے اور اس سرمائے کو لوگوں پر خرچ کرتے ہوئے ہمیں ہمیشہ فخر رہا ہے اور رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی پیپلز پارٹی کا خاصہ رہا ہے ، پاکستان ہو یا پنجاب جمہوری اقدار اور روایات پیپلز پارٹی کی وجہ سے قائم دائم ہیں ، ہر دور میں آمریت اور آمریت کی پیداوار لیڈروں نے پیپلز پارٹی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالیں لیکن پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ملک اور قوم کے بہتر مستقبل کیلئے کبھی غاصب قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا ،ہر دور میں سازشیں کی گئیں ہمارے وزراء پر اور سابق وزیر اعظم پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے لیکن کبھی بھی آئین اور قانون ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ، اس وقت سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے ، آج پاکستان میں جمہوریت شہید جمہویت محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی مرہون منت ہے ،کوئی آمر اب آمریت کی جرات نہیں کر سکتا ، آمریت کے تمام راستے پاکستان پیپلز پارٹی نے بند کر دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک گیر سیاسی جماعت ہے جس نے عوام کو شعور دیا اور عام آدمی کو بھی اس کی اہمیت کا احساس دلایا ۔

پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والے خود تو مٹ گئے مگر پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے ، مزدور ، کسان ، نوجوان پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں انہیں متحرک کیا جائیگا ، ملک کا مستقبل ان کے ساتھ رابسطہ ہے ۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کے دورے کی دعوت بھی قبول کر لی ۔