پاکستان جرمنی کیساتھ دوطرفہ تجارت، انسداد دہشتگردی، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،آٹو انڈسٹری میں تعاون کا خواہشمند ہے ، ممنون حسین

منگل 7 جولائی 2015 15:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تجارت، انسداد دہشتگردی، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آٹو انڈسٹری میں تعاون کا خواہشمند ہے اور جرمن سرمایہ کار، سرمایہ کاری کے بارے میں پاکستان کی لبرل پالیسیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے جرمنی کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر سیرل نن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ ثقافت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور جرمنی کیساتھ نہ صرف دوطرفہ بلکہ یورپی یونین کی سطح پر تعلقات اور تجارتی روابط میں اضافے کا خواہش مند ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پا کستان ہر قسم کی دہشتگردی، انتہاپسندی اور علیحدگی پسندی کے رحجانات کے خاتمے کا خواہشمند ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اورتمام ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بعض مسائل کا سامنا ہے جنھیں حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کوششیں جاری ہیں۔ صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید بہتری کیلئے سفیر کی خدمات کی تعریف کی اور ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے جرمن سفیر سیرل نن نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔