اگر آپ اپنے شعبے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں ذات سے نکل کر پیشے کے لیے کام کرنا ہو گا، علم طب اللہ اور رسول کی طرف سے ایک تحفہ ہے،حکماء کا دین کی طرف بھی رجحان ہوتا ہے

وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسرز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ کا نومنتخب ممبران طبی کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب

منگل 7 جولائی 2015 15:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسرز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ اگر آپ اپنے شعبے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں تو اپنی ذات سے نکل کر اپنے پیشے کے لیے کام کرنا ہو گا ۔ علم طب اللہ اور رسول کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔ اور حکماء کا دین کی طرف بھی رجحان ہوتا ہے۔وہ نومنتخب ممبران طبی کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ جتنی بھی میڈیکل کونسلز ہیں ان میں سیاست حاوی ہو جاتی ہے اور میں کہوں گی کہ آپ سیاست کو بالاطاق رکھ کر حکمت کے فروغ کے لیے اپنی تو انائی صرف کریں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ہمیں آپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ۔ اس شعبے کو بین الاقوامی سطح پر رائج اصولوں کو مطابق چلانے میں آپ کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنی ڈیلی میٹنگ سے اپنا ایک وژن بنائیں اور ہر تین ماہ بعد اپنی نظر ثانی کریں کہ آپ نے اپنے مقاصد کس حد تک حاصل کیے ہیں ۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزارت صحت شعبہ طب کے فروغ کے لیے ہر طرح سے آپ کو سپورٹ کرے گی۔ آپ اپنے قوانین تبدیلی کے لیے اقدامات کریں اور جس طرح اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ نیکی اور پرہیزگاری کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کرو، برے کاموں سے اجتناب کرو۔ اور میں بھی اسی فرمان الہی پر عمل پیرا ہوں۔