خیبرپختونخوا میں 73 نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جائیں گے‘34تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مرمت مکمل ہوچکی ہے

وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا سینٹ میں بیان

منگل 7 جولائی 2015 15:33

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 73 نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جائیں گے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر احمد حسن کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 73 نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جا رہے ہیں ان میں سے 20 آفس رواں سال اور باقی آئندہ سال کھولے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باجوڑ ایجنسی میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 2006ء سے درہ آدم خیل ایف آر کوہاٹ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 34 تعلیمی ادارے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوتے ہیں، 2014-15ء کے دوران درہ آدم خیل میں 10 تعلیمی اداروں کی مرمت اور ازسر نو تعمیر کے لئے 8 کروڑ روپے سے زائد مختص کئے گئے، تباہ ہونے والے 34 تعلیمی اداروں میں سے 3 تعلیمی اداروں کی دوبارہ تعمیر و مرمت کی جا چکی ہے۔