پارلیمنٹ اشتہارات اور ٹی وی پروگراموں میں اخلاقی دائرہ کار کو یقینی بنانے کیلئے رہنمائی کرے‘ ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر چینلز کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا سینٹ میں بیان

منگل 7 جولائی 2015 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ٹیلی ویژن پر ناپسندیدہ اشتہارات روکنے کے لئے ٹیلی ویژن کے عملے اور سوسائٹی کا اہم کردار ہے، پارلیمنٹ اشتہارات اور پروگراموں میں اخلاقی دائرہ کار کو یقینی بنانے کے لئے رہنمائی کرے، حکومت اس پر عمل کرے گی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر کلثوم پروین اور سینیٹر تاج حیدر کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ٹیلی ویژن پر ناپسندیدہ اشتہارات روکنے میں ٹیلی ویژن کے عملہ اور سوسائٹی کا اہم کردار ہے، پیمرا ٹی وی چینلز کی نگرانی کرتی ہے، پارلیمنٹ رولز بنائے، ہم اشتہارات میں منفی چیز دکھانے کو روکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر ٹیلی ویژن اشتہارات اخلاقی دائرہ کار کے اندر رہ کر تیار کئے جاتے ہیں تاہم اگر پھر بھی کوئی مسئلہ ہو تو پارلیمنٹ اس سلسلے میں حکومت کی راہنمائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنی نشریات کی بھی نگرانی کرتا ہے اور اس کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ فون کالز، سوشل میڈیا اور اخبارات و جرائد سے ملنے والے صلاح مشوروں کی روشنی میں پروگرام اور اشہتارات نشر کرے۔