پاکستان اور بھارت نے چین اور روس کی سربراہی میں کام کرنے والے ایک سیکورٹی تنظیم میں شامل ہونے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں

منگل 7 جولائی 2015 14:38

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)پاکستان اور بھارت نے چین اور روس کی سربراہی میں کام کرنے والے ایک سیکورٹی تنظیم میں شامل ہونے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چین ‘روس ‘تاجکستان ‘ازبکستان ‘قازقستان اور کرغستان 2001 میں قائم ہونے والے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے رکنٍ جبکہ پاکستان، انڈیا، ایران، افغانستان اور منگولیا اس کے مبصر ہیں۔

خیال رہے کہ اپنے قیام کے بعد ایس سو او میں پہلی مرتبہ انڈیا اور پاکستان کی صورت میں نئے رکن شامل ہو رہے ہیں۔چین کے نائب وزیر کارجہ چھینگ گاوٴپنگ نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ایس سی او کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے، ایسے میں خطے کے زیادہ سے زیادہ ملک اس میں شامل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت اور پاکستان کے ایس سی او میں شمولیت سے تنظیم کی ترقی ہو گی چینی وزیر کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

انڈیا نے گزشتہ سال تنظیم میں شمولیت کی لیے درخواست دی تھی جس پر جون میں ایس سی او کے وزرائے خارجہ نے ایک اجلاس میں مثبت سفارش دی۔بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی ابھرتی ہوئی تجارتی منڈیوں کی بی آر آئی سی ایس کانفرنس میں شرکت کیلئے ماسکو جائیں گے، جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے ساتھ ایس سی او کے ایک خصوصی سیشن میں شامل ہوں گے۔