پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان روس میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر 10 جولائی کو ملاقات کا امکان

منگل 7 جولائی 2015 14:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان روس میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر 10 جولائی کو ملاقات کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان روس میں ملاقات متوقع ہے ، تاہم ملاقات کے حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس روس کے شہر اْوفا میں ہوگا۔اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم بھی شرکت کریں گے ۔ پاکستان اور بھارت اس وقت ایس سی او کے رکن نہیں اور تنظیم کے اجلاس میں بطور مبصر شرکت کررہے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھاکہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، پاکستان اور بھارت کو تعاون کے اصول کی بنیاد پر ایک دوسرے کی ترقی کے لیے ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے ،شنگھائی تنظیم تعاون پاکستان اور بھارت کو مشترکہ کام کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی اور باہمی اعتبار کو بڑھانے میں مددگار ہوگی۔

(جاری ہے)

تنظیم کی رکنیت ایک ایسا عمل انگیز ثابت ہوگی جو تعاون باہمی کی بنیاد پر بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات کو بہتر بنائے گا جس کا دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔