جوہری توانائی کی سلامتی اور حفاظت کا پاکستان کو چالیس سال سے تجربہ ہے ‘جوہری اثاثوں تک دہشتگردوں کی رسائی کی خبریں پروپیگنڈہ ہیں ‘ وزیر اعظم

منگل 7 جولائی 2015 14:36

اوسلو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دو ٹوک انداز میں واضح کیاہے کہ جوہری توانائی کی سلامتی اور حفاظت کا پاکستان کو چالیس سال سے تجربہ ہے، پاکستان کے جوہری اثاثوں تک دہشت گردوں کی رسائی سے متعلق خبریں افواہیں اور پروپیگنڈہ کا حصہ ہے،یہ سب بنیاد باتیں ہیں ‘ معاشی ترقی کیلئے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ضروری ہے، شنگھائی تعاون تنظیم پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے میں کردار ادا کرے۔

روسی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دو ٹوک انداز میں دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، دہشت گردوں کی اثاثوں تک رسائی سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، جو پاکستان کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کا حصہ ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ جوہری توانائی کی سلامتی اور حفاظت کا پاکستان کو چالیس سال سے تجربہ ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال چودہ مئی کو امریکی کانگریس کی جانب سے جاری رپورٹ میں پاکستانی جوہری اثاثوں سے متعلق خدشات پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جوہری توانائی کے عدم پھیلاوٴ سے متعلق قوائد و ضوابظ پر سختی سے کاربند ہے، عالمی ادارے کے قوائد اور دنیا کے امن کیلئے پاکستانی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔ پاکستان بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ضروری ہے، شنگھائی تعاون تنظیم پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے میں کردار ادا کرے، باہمی ترقی کیلئے دونوں ممالک مسائل مذاکرات سے حل کریں ‘ترقی اورمعاشی خوشحالی پڑوسی ممالک کے بہترتعلقات سے ہی ممکن ہے۔آئندہ دورہ روس پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، تاپی گیس منصوبے سے گیس کی ضرورت پوری ہوگی، پاکستان اور روس توانائی کے شعبے میں تعاون کر رہے ہیں