سپریم کورٹ میں ملکی تاریخ کے 150 میگا سکینڈلز کی رپورٹ پیش

منگل 7 جولائی 2015 14:20

سپریم کورٹ میں ملکی تاریخ کے 150 میگا سکینڈلز کی رپورٹ پیش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی2015ء) سپریم کورٹ میں نیب کے 150 میگا کرپشن سکینڈلز کی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ 34صفحات کی رپورٹ میں نوازشریف، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور آفتاب شیرپاﺅ سمیت اہم شخصیات کے خلاف مقدمات کے زیرالتوا ہونے کی تفصیلات شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بینچ نے نیب کارکردگی مقدمے کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں نیب میگا سکینڈلز کی رپورٹ اٹارنی جنرل دفتر کی جانب سے پیش کی گئی جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ بعض معلومات موجود نہیں ہیں، ان کو شامل کرکے دوبارہ پیش کیا جائے۔ نیب کے وکیل کی جانب سے ایم سی بی بینک کی نجکاری کی انکوائری رپورٹ کی تفصیلات جمع کرانے کےلئے عدالت سے مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کر دیا۔

جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ نیب نے ایم سی بی بینک کی دوہزار دو میں انکوائری کی تھی، اب دو ہزار پندرہ میں دوبارہ انکوائری کرنے کا کہا جا رہا ہے، کیا دو ہزار دو میں کی جانے والی انکوائری غلط تھی، کیا آپ کو پتا ہے کہ کرپشن ہوئی تھی جو دوبارہ انکوائری کےلئے چار ماہ کا وقت مانگ رہے ہیں۔ عدالت نے نیب سے جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت تیرہ جولائی تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :