پاکستان نے 9 سال بعد بالآخر لنکا ڈھا ہی دی

منگل 7 جولائی 2015 12:55

پاکستان نے 9 سال بعد بالآخر لنکا ڈھا ہی دی

پالی کیلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7جولائی۔2015ء) پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے مات دیکر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر نے کے ساتھ ساتھ میزبان ٹیم کو نو سال بعد اس کے ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ سیریز میں مات دیدی ہے ۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے پاچویں دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تاریخی فتح کے لئے 147 رنز درکار تھے اور اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں، پاکستان کی جانب سے شان مسعود 114 اور یونس خان 101 رنز کے ساتھ کریز پر آئے ۔

255 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ کا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 125 رنز کی اننگز کھیل کر کوشال کا نشانہ بنے ۔ اس کے بعد کریز پر آنے والے مصباح الحق نے یونس خان کے ساتھ مل کر سری لنکن باولرز کو مزید وکٹیں لینے سے باز رکھا اور گرین شرٹس کی نیا پار لگا دی ، مصباح نے کوشال کو چھکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروانے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 4000 رنز بھی مکمل کیے ، یونس خان 171 اور مصباح الحق 59 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی جانب سے پرساد ، لکمل اور کوشال نے 1،1 شکار کر رکھا ہے ، اس سے قبل گزشتہ روز جب سری لنکا نے پاکستان کو فتح کے لئے 377 رنزکا ہدف دیا تو اس کے جواب میں قومی ٹیم نے مایوس کن انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور اس کے 2 بیٹسمین صرف 13 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے تھے، جس کے بعد شان مسعود اور یونس خان نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز اپناتے ہوئے ناصرف سری لنکن بولرز کے تمام وار زائل کئے بلکہ تیسری وکٹ کی ریکارڈ ساز شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو یقینی شکست سے فتح کی راہ پر گامزن کردیا ۔

چوتھی اننگز میں یہ پاکستان کا سب سے بڑا مجموعہ بھی ہے ، اس سے پہلے 2010ء میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں 3 وکٹیں کھو کر 343 رنز بنائے تھے ، ٹیسٹ کرکٹ میں اس سے قبل پاکستان کا چوتھی اننگز میں جیت کا سب سے بڑا مجموعہ 9وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز تھا جو اس نے 1994ء میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں حاصل کیا تھا ، یونس خان کو میچ اور یاسر شاہ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، واضح رہے کہ قومی ٹیم سری لنکا میں 2006ء کے بعد کبھی بھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی تھی ، اس سیریز فتح کے ساتھ پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے سے تیسرے نمبر پر آگیا ہے ۔