ترکی میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد

منگل 7 جولائی 2015 11:54

انقرہ ۔ 07 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) ترکی میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انقرہ کے علاقے کے پی اورین میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے پروگرام کا انعقاد پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے کیا گیا۔ تقریب کا افتتاح پاک ترک دوستی کی انجمن کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ برہمان قایا ترک ، پاکستانی سفیر سہیل محمود ، کے پی اورین بلدیہ کے میئر مصطفیٰ آق ، قر شہر فیڈریشن یونین کے چیئرمین حلمی گیوک چنار نے مشترکہ طور پر کیا۔

ثقافتی پروگرام میں پاکستانی دستکاری کے نمونے ، کتابیں، ٹیکسٹائل کی مصنوعات ، روایتی ملبوسات ، ٹرک پینٹنگ کے نمونے لوگوں کی توجہ کا مرکز تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے اولین طور پر ترکی اور پھر کے چی اورین بلدیہ میئر مصطفیٰ آق کا سال 2014ء کے ماہ دسمبر میں پشاور آرمی سکول میں ہونے والے دہشتگردی کے حملے پر افسوس کے اظہار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترک عوام نے پاکستانی عوام کے دلوں میں گھر کر رکھا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی سفارتخانے کے سکول کے بچوں اور انقرہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ نے ثقافتی شو کا مظاہرہ بھی کیا اور چاروں صوبوں کی شاندار ثقافت کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔