کوئٹہ ، حساس اداروں اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن، مقابلے میں کالعدم تنظیم کا سربراہ دو ساتھیوں سمیت ہلاک

منگل 7 جولائی 2015 11:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) کوئٹہ میں حساس اداروں اور ایف سی کے مشترکہ آپریشن کے دوران مقابلے میں کالعدم تنظیم کا سربراہ دو ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ مقابلے کے دوران علاقہ دھماکوں سے لرز اٹھا۔حساس اداروں اور ایف سی نے مشرقی بائی پاس کے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ اہلکاروں نے ایک مکان کو گھیرے میں لیا تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران علاقہ دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بموں کے دھماکوں سے گونجتا رہا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق مقابلے میں کالعدم تنظیم کا سربراہ محمد رند مارا گیا جبکہ ایک غیرملکی دہشت گرد بھی مارا گیا۔دہشت گردوں سے دستی بم اور خودکار ہتھیار بھی ملے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے علاقہ کلیئر کر کے دہشت گردوں کی لاشیں پولیس کے حوالے کر دیں۔بلوچستان کے وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔