اﷲ نے بے سروسامان 313مسلمانوں کی بدر کے میدان میں5ہزار فرشتوں کے ذریعہ مدد کر کے فتح و نصرت کے دروازے کھول دئیے، صاحبزادہ زبیر

پیر 6 جولائی 2015 23:07

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء)جمعیت علماء پاکستان(نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے کہا ہے کہ معرکہ بدر نے حق وباطل کے درمیان فرق واضح کردیااﷲ نے بے سروسامان 313مسلمانوں کی بدر کے میدان میں5ہزار فرشتوں کے ذریعہ مدد کر کے فتح و نصرت کے دروازے کھول دئیے،امام شاہ احمد نورانی نے بھی مجاہدین بدر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے لسانی نسلی تعصبات اور فرقہ وایت کے خلاف علم جہاد بلند کرکے باطل نظریات کیخلاف حق کا پرچم بلند کیا،حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گاہر دور میں حق کے پروانوں کی اﷲ غیب سے مدد فرماتا ہے باطل پرستوں کے گردگھیرا تنگ ہورہا ہے اﷲ کی زمین پر خودساختہ خدابن بیٹھنے والے فرعون وشہداد جلد ہی اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

وہ ناظم علی کی رہائشگاہ پر غزوۂ بدر اورولادت امام شاہ احمد نورانی کے سلسلے میں افطارپارٹی سے خطاب کررہے تھے، افطار پارٹی میں قاری نیاز احمد نقشبندی ،ناظم علی آرائیں ،ڈاکٹر محمد یونس دانش ،صاحبزادہ محمود احمدقادری ،عبدالرؤف الوانی ،محمد رضوان شیخ ، ڈاکٹر عارف اﷲ عبدالوحید اجمیری ،علامہ حافظ محمد اکبر، قاری اﷲ بخش سعیدی ،حافظ غلام سرورامینی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ غزوۂ بدر اسلامی تاریخ کا تابناک اور عظیم الشان واقعہ ہے اسے یوم الفرقان بھی کہا جاتا ہے یہی وہ معرکہ ہے جس میں امت مسلمہ کی تقدیر اور دعوت حق کے مستقبل کا فیصلہ ہوا اورجس پر پوری نسل انسانی کی قسمت کا انحصار تھا اسی معرکے میں اﷲ رب العزت نے مٹھی بھر جماعت کو فتح مبین سے نوازا اﷲ تبارک وتعالیٰ نے اس جنگ کو یوم الفرقان (فیصلہ کن دن) قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ جنگ بدرکی منظر کشی ہر دور میں ہوتی رہتی ہے باطل کے مقابلہ میں ہمیشہ حق کو کامیابی نصیب ہوئی ہے 2002؁ء کے انتخابات میں بھی اﷲ نے حق کو غلبہ دیا اورمتحدہ مجلس عمل کے نمائندوں کو کامیابی سے ہمکنار کیااب بھی باطل نظریات کے گرد شکنجہ تنگ ہورہا ہے کرپٹ بدعنوان اور قومی دولت لوٹنے والے ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں دھشت گردوں ،بھتہ خوروں کے خلاف قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نوارانی نے جرأت مندانہ کردار ادا کیا اور گالی گولی کا جواب صبر استقامت اور جرأت سے دیا آج بھی جمعیت علماء پاکستان مولانا نورانی کے افکارکی امین ہے اور پاکستان نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ اور مقام مصطفی ﷺ کے تحفظ کیلئے جدوجہد کررہی ہے انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز تر کردیں باطل قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور بدر کے مجدہدوں کی طرح اﷲ کی مددسے کامیابی و کامرانی کی نوید سنائیں گے۔