وزیراعلیٰ سندھ کا وفاقی وزیر داخلہ سے رابطہ، ایف آئی اے اور نیب کی طرف سے ہراساں کئے جانے پر احتجاج

اگر کوئی بڑا کیس ہے تو حکومت سندھ تعاون کریگی لیکن سندھ حکومت کو پہلے اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے،وزیراعلیٰ سندھ چوہدری نثار کی وزیر اعلیٰ سندھ کو ا تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی ، سندھ کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی،چوہدری نثار

پیر 6 جولائی 2015 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کو فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ہراساں کئے جانے پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے چوہدری نثار کو بتایا کہ سندھ میں اساتذہ اور کلرکوں کے خلاف بھی ایف آئی اے اور نیب کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ صوبہ میں اس کام کے لئے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم اور محکمہ اینٹی کرپشن موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب اور ایف آئی کی کارروائیاں صوبائی خودمختاری میں کھلی مداخلت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بڑا کیس ہے تو حکومت سندھ تعاون کریگی لیکن سندھ حکومت کو پہلے اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے۔ چوہدری نثار نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سندھ کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی۔